افغان صوبے ہلمند میں بم حملے میں امریکی اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 14 اگست 2018
بم حملہ گشت پر مامور امریکی اہلکاروں پر کیا گیا۔ فوٹو : فائل

بم حملہ گشت پر مامور امریکی اہلکاروں پر کیا گیا۔ فوٹو : فائل

ہلمند: افغانستان کے صبہ ہلمند میں بم حملے کی زد میں آکر امریکی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آج صبح افغان صوبے ہلمند میں گشت پر مامور اہلکاروں کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں امریکا کے خصوصی آپریشنز فورسز کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔

ہلاک ہونے والے امریکی اہلکار کی شناخت 36 سالہ سارجنٹ ریمنڈ ریرو گل کے نام سے ہوئی ہے جو امریکی ریاست ہوائی کا رہائشی تھا اور افغانستان میں فرائض انجام دے رہا تھا۔ امریکی حکام نے اپنے اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

ہلمند کے گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی اہلکاروں پر حملہ دیسی ساختہ بم سے کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ترجمان گورنر کا کہنا تھا کہ بم حملے سے متعلق دیگر معلومات کا انتظار ہیں جس کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے چھاپا مار کارروائی کا آغاز کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔