امریکی وزیرخارجہ کا پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی پر مبارکباد

ویب ڈیسک  منگل 14 اگست 2018
جنوبی ایشیا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ مائیک پومپیو فوٹو : فائل

جنوبی ایشیا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان سے تعاون کے خواہاں ہیں۔ مائیک پومپیو فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ دل کی گہرائیوں کے ساتھ امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کو 72 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتا ہوں۔

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کے 71 ویں جشن آزادی پر امریکا کی جانب سے دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ 7 دہائیوں سے تعلقات استوار ہیں اور آئندہ بھی جنوبی ایشیا میں قیام امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کی طرح پاکستان اور امریکا کے عوام کے درمیان بھی تعلقات نہایت خوشگوار ہیں اور اس اہم دن پر امریکی عوام اور حکومت پاکستان کی حکومت اور عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں۔

ادھر دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی لوگوں کا جوش و خروش عروج پر ہے جب کہ برطانوی ہائی کمشنر نے بھی پاکستانیوں کی خوشیوں انوکھے انداز میں شریک ہوتے ہوئے اردو میں خصوصی پیغام ریکارڈ کرایا۔

دوسری جانب جنوبی کوریا میں پاکستانی سفارت خانے اور پاکستان بزنس کونسل کے تحت جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئیں جس میں دونوں ملکوں کے فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔

امریکی سینیٹرز اور کنساس کے گورنرز نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کو جشن آزادی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ گوگل نے بھی جشن آزادی کے رنگ بکھیرے اور ڈوڈل کو پاکستان کے قومی پرچم سے سجالیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔