برطانوی پارلیمنٹ کے نزدیک کار سوار نے شہریوں پر گاڑی چڑھا دی

ویب ڈیسک  منگل 14 اگست 2018
کار سوار کی ٹکر سے دو سائیکل سوار زخمی ہوئے واقعہ دہشت گردی کی کارروائی ہوسکتا ہے (فوٹو : سوشل میڈیا)

کار سوار کی ٹکر سے دو سائیکل سوار زخمی ہوئے واقعہ دہشت گردی کی کارروائی ہوسکتا ہے (فوٹو : سوشل میڈیا)

 لندن: لندن میں پارلیمنٹ کے باہر ایک شخص نے شہریوں پر گاڑی چڑھا دی نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ کی عمارت کے نزدیک ایک کار سوار شخص نے دو سائیکل سواروں کو ٹکر مار کر زخمی کردیا۔ پولیس نے دہشت گردی کے شبے میں کار سوار شخص کو حراست میں لے لیا۔ 30 سالہ گرفتار شخص سے پولیس اسٹیشن میں تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کار حادثے میں دہشت گردی کے عنصر کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کار سوار شخص نے اچانک سڑک پر اپنا رخ تبدیل کیا اور دوسری جانب سگنل پر کھڑے افراد پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں دو سائیکل سوار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ کار سوار سے کسی قسم کا ہتھیار برآمد نہیں ہوا لیکن حساس علاقے میں کی گئی کارروائی پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحقیقات کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت اور اس سے اب تک کی گئی تفتیش کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔