ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام بین الاقوامی مسافروں سےکرنسی ڈیکلریشن فارم پُرکرانیکی ہدایت

وفاقی حکومت نے اقدام ایف اے ٹی ایف کے خدشات دورکرنے کیلیے تیار کردہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار تیزکرنے کیلیے کیا


Irshad Ansari August 15, 2018
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریفامزاینڈآٹومیشن کوکرنسی ڈیکلریشنز کیلیے الگ سے وی بوک ماڈیول تیارکرنے کی بھی ہدایت . فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے کرنسی کی غیر قانونی نقل و حرکت اور اسمگلنگ و ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کیلیے زمینی و فضائی راستے سے سفر کرنے والے مسافروں سے کرنسی ڈیکلریشن فارم (سی ڈی ون) پُرکرانے کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے ایف اے ٹی ایف کے منی لانڈرنگ و ٹیررازم فنانسنگ کے حوالے سے خدشات دور کرنے کیلیے جمع کرائے جانے والے ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کردیا ہے جس کے تحت وفاقی حکومت نے ایوی ایشن ڈویژن سے کہا گیا ہے کہ تمام ایئر لائنز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ پاکستان میں آنے والے اور جانے والے مسافروں سے کرنسی ڈیکلریشن فارم (سی ڈی ون) فل کرانے کو یقینی بنایا جائے اور اس میں معلومات فراہم کی جائیں کہ ملک میں آنے والے مسافروں کے پاس آتے وقت کتنی کرنسی تھی اور ملک سے جاتے وقت کتنی کرنسی تھی۔

اس کے علاوہ مسافروں کے کوائف بھی درج کیے جائیں اور تمام ایئر لائنز اپنی پروازوں کی پاکستان میں لینڈنگ سے قبل اپنے مسافروں سے کرنسی ڈیکلریشن فارم (سی ڈی ون) فل کرانے کو یقینی بنائیں اور مسافروں سے وصول کردہ مینوئلی پُر کردہ کرنسی ڈیکلریشن فارم ایف بی آرکے متعلقہ آن لائن سسٹم وی بوک ماڈیول میں فیڈ کرنا ہوں گے۔

اس کے علاوہ تمام ماڈل کسٹمز کلکٹریٹس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس کے ڈپارچر ہالز کے باہر کرنسی ڈیکلریشن فارم کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور مسافروں سے کرنسی ڈیکلریشن فارم پر کرا کر یہ فارم متعلقہ وی بوکس ماڈیول میں فیڈ کریں۔

اسی طرح ملک بھر کے تمام لینڈ کسٹمز اسٹیشنز پر آنے اور جانے والے مسافروں سے کاز کرنسی ڈیکلریشن فارمز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ حکام سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے تمام لینڈ کسٹمز اسٹیشنز پر آنے اور جانے والے مسافروں سے کاز کرنسی ڈکلیئریشن فارمزپر کرا کر متعلقہ وی باک ماڈیولز میں فیڈ کیے جائیں۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریفامز اینڈ آٹومیشن کو بھی کرنسی ڈیکلریشنز کیلیے الگ سے وی بوک ماڈیول تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔