پاک آئرلینڈ پہلے معرکے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

سعید اجمل سے نبرد آزما ہونے کیلیے کوئی خاص پلان نہیں بنایا، کیون اوبرائن


Sports Desk May 22, 2013
سعید اجمل سے نبرد آزما ہونے کیلیے کوئی خاص پلان نہیں بنایا، کیون اوبرائن فوٹو: فائل

پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین پہلے معرکے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

میزبان ٹیم گرین شرٹس کو زیر کرکے ورلڈ کپ 2007 کے بعد دوسری بار تہلکہ مچانے کے لیے بے تاب ہے، پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد کے ساتھ مقامی تماشائی بھی پلیئرز کی حوصلہ افزائی کیلیے میدان میں موجود ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلیے شیڈول شدہ2 میچز کی پاک آئرلینڈ سیریز کا پہلا مقابلہ جمعرات کو بیلفاسٹ میں ہوگا، ورلڈ کپ 2007 میں گرین شرٹس کو اپ سیٹ شکست دینے والی میزبان ٹیم ایک بار پھر نئے عزم کے ساتھ فتح کے خواب دیکھ رہی ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آئرش کرکٹر کیون اوبرائن نے کہا کہ مقابلے کا بے تابی سے انتظار ہے، ہمیں ثابت کرنا ہوگا کہ ایک بار پھر ایک بڑی ٹیم کو مات دے سکتے ہیں۔



امید ہے کہ موسم کی مداخلت نہیں ہوگی اور ہمیں اپنے کراؤڈ کے سامنے صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ سعید اجمل کی پُرفریب بولنگ کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا،نمبر ون اسپنر سے نبرد آزما ہونے کیلیے کوئی خاص پلان نہیں بنایا لیکن ہر گیند کو سنبھل کر کھیلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2007 میں پاکستان کیخلاف فتح زندگی کے یادگار لمحات میں سے ایک ہیں، وننگ اسٹروک کھیلنے والے ٹرینٹ جانسن کے ساتھ دوسرے اینڈ پر میں بھی موجود تھا۔

اس موقع پر حاصل ہونے والی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی، گرین وکٹ پر ٹاس جیتنے کے بعد بہترین بولنگ نے ہی ہماری جیت کا راستہ ہموار کردیا تھا، فیلڈرز نے بھی بھرپور ساتھ دیا، کسی نے ایک کیچ بھی نہیں چھوڑا اور پاکستان کی کھیل میں واپسی کی راہیں مسدود کردیں، نائل نے 72 رنز کی اننگز کے ساتھ فتح ٹیم کی جھولی میں ڈال دی تھی ،اس میچ نے پاکستان کرکٹ پر کاری ضرب لگائی تھی ، ہمارے باصلاحیت کھلاڑی ایک بار پھر تاریخ دہرانا چاہیں گے، یاد رہے سیریز کا دوسرا میچ 26 مئی کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں