راشد منہاس روڈ کے شادی لانز اور ریسٹورنٹ سیل کردیے گئے

کمرشلائزیشن فیس کی مد میں شادی ہالوں اورریسٹورنٹ پر لاکھوں روپے واجب الادا ہیں.


Staff Reporter May 25, 2013
شہر کی 22 اہم شاہراہوں کو کمرشل کردیا گیا ہے، میٹروپولیٹن کمشنرمتانت علی خان. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ ماسٹر پلان نے کمرشلائزیشن فیس کی وصولیابی کی مہم کے دوران راشد منہاس روڈ اور گلشن اقبال میں واقع شادی ہالوں جن میں فیملی لان، میلہ ریسٹورنٹ، بلو مینگ گارڈن، نوید گارڈن،گلیکسی لان، رائل کلب، بندھن لان، مہک لان، کلثوم لان، الاقصیٰ لان، گلشن لان، مشتاق بارہ دری لان اور مشتاق گارڈن کو عدم ادائیگی پر سربمہر کردیا۔

اس کارروائی کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی مجسٹریٹ شرقی آغا پرویزکی ہدایت پر مجسٹریٹ گلشن اقبال کی سربراہی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی محکمہ ماسٹر پلان کی ٹیموں نے حصہ لیا ،شادی ہالوں اورریسٹورنٹ پر لاکھوں روپے واجب الادا ہیں،قبل ازیں میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ماسٹر پلان کے افسران اور ریکوری کے عملے نے شرکت کی۔



اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کمرشلائزیشن فیس کی وصولیابی کے لیے چلائی جانے والی مہم کے ذریعے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو 4 کروڑ روپے سے زائد رقم حاصل ہوئی ہے ،متانت علی خان نے کہا کہ مہم سے قبل اخبارات میں نادہندگان کی فہرست شائع کردی گئی تھی، شہر کی 22 اہم شاہراہوں کو کمرشل کردیا گیا ہے۔