ایشیا کپ، قومی کرکٹرز کے لاہور میں فٹنس ٹیسٹ جاری

اسپورٹس رپورٹر  پير 3 ستمبر 2018
کھلاڑیوں کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ بہتر بنانے کیلیے مشقیں بھی کرائی جائیں گی۔ فوٹو:فائل

کھلاڑیوں کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ بہتر بنانے کیلیے مشقیں بھی کرائی جائیں گی۔ فوٹو:فائل

 لاہور: ایشیا کپ سے قبل تربیتی کیمپ کے پہلے روز کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا سلسلہ جاری ہے۔

کیمپ کا دوسرا مرحلہ قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگیا ہے، 10 ستمبر تک جاری رہنے والی مشقوں میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے جس کے بعد بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ بہتر بنانے کیلیے مشقیں کی جائیں گی۔

قبل ازیں آرمی فزیکل ٹریننگ اسکول ایبٹ آباد میں تین روزہ کیمپ میں27 رکنی اسکواڈ کی فزیکل فٹنس بہتر بنانے کیلیے مشقیں کی گئیں، جس کے بعد پلیئرز کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے دوسرے مرحلے کیلیے ان کی تعداد 18 کر دی گئی۔

لاہورمیں شیڈول کیمپ کیلیے طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، شان مسعود، امام الحق، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، بابر اعظم، شاداب خان، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 15ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہوگا، گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم کے خلاف کھیلیں گے جبکہ 19ستمبر کو روایتی حریف بھارت سے مقابلہ شیڈول ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔