ساف فٹبال پاکستان کو بنگلہ دیش سے شکست

فاتح ٹیم کی طرف سے برمن نے کھیل کے 85 ویں منٹ میں گیند کو جال کے اندر پھینک کر بنگلہ دیش کی فتح پر مہر ثبت کی۔


Sports Reporter September 07, 2018
فاتح ٹیم کی طرف سے برمن نے کھیل کے 85 ویں منٹ میں گیند کو جال کے اندر پھینک کر بنگلہ دیش کی فتح پر مہر ثبت کی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ساف فٹبال چیمپئن شپ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 گول سے شکست دیدی۔

ساف فٹبال چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں جاری ہیں۔گزشتہ روز 2 میچوں کا فیصلہ ہوا، نیپال اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں حریف سائیڈز کو زیر کرنے میں کامیاب رہیں۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے فتح حاصل کی۔ اس سے قبل گرین شرٹس نے چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں نیپال کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی تھی۔

بنگابندھو نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں ہونے والے اس میچ کے آغاز میں ہی دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینکنے میں کامیاب نہ ہوسکی، دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے متعدد مواقع ملے لیکن فاروڈز گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

میچ ختم ہونے سے صرف 5 منٹ قبل بنگلہ دیش نے عمدہ موو بنائی جس کا پورا فائدہ میزبان ٹیم کے برمن نے اٹھایا اور گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینک کر اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلادی۔ ایک اور میچ میں نیپال نے بھوٹان کے خلاف4-0 سے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا۔

گروپ بی میں جمعے کو مالدیپ کا میچ سری لنکا کے ساتھ ہوگا، آرام کے دن کی وجہ سے گروپ اے کا کوئی میچ نہیں ہوگا، 8 ستمبر کو مزید 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم بھوٹان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ بنگلہ دیش کا میچ نیپال کے ساتھ ہوگا۔