بھارتی وزیر کو سونالی بیندرے کی موت کی جھوٹی خبر دینا مہنگا پڑگیا

بھارتی وزیر نے ٹوئٹر پر سونالی بیندرے کی موت کی جھوٹی خبردی تھی


ویب ڈیسک September 08, 2018
سونالی بیندرے کو ہائی گریڈ کینسر ہے اور وہ امریکا سے علاج کی غرض سے مقیم ہیں فوٹو:فائل

بھارتی وزیر رام کدم کو نامور بالی ووڈ اداکارہ سونالی بیندرے کی موت کی جھوٹی خبر دینا مہنگا پڑگیا۔

بھارتی لوک سبھا کے ممبر اور بھارتی جنتا پارٹی کے رکن رام کدم نے چند روز قبل ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ''ہندی اور مراٹھی سینما پر حکومت کرنے والی بھارت کی نامور اداکارہ سونالی بیندرے اب ہم میں نہیں رہیں۔''

بھارتی وزیر نے یہ ٹوئٹ بغیر کسی تحقیق کے کی تھی ان کی ٹوئٹ نے پورے بھارتی میڈیا میں ہلچل مچادی تھی تاہم جلد ہی اس خبر کے جھوٹی ہونے کی تصدیق ہوگئی۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھارتی وزیر کو جھوٹی خبر دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انہوں نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے ایک اورٹوئٹ کی اورمعذرت خواہانہ انداز میں لکھا''میں نے سونالی بیندرے سے متعلق ٹوئٹ ایک افواہ پر کی تھی، گزشتہ دو دنوں سے میں ان کی اچھی صحت اورجلد صحتیابی کی دعا کررہاہوں۔''



دوسری جانب سونالی بیندرے کے شوہر کا کہنا ہے میں تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ سوشل میڈیا کو زیادہ ذمہ دارانہ طریقے سے استعمال کریں۔ ہمیں نہ تو افواہ پھیلانی چاہئیے اور نہ ہی ان پر یقین کرنا چاہئیے اور جو اس طرح کی افواہیں پھیلاتے ہیں وہ دوسروں کے جذباتوں کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔

مقبول خبریں