واٹر بورڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ کی خراب کارکردگی اربوں روپے کا نقصان

واٹربورڈ کے صارفین کی مجموعی تعداد 14 لاکھ ہے جس میں سےصرف کم وبیش تین لاکھ صارفین پابندی سے اپنا بل ادا کرتے ہیں


Staff Reporter August 15, 2012
ریکوری افسران کی ہدف کے حصول میںعدم دلچسپی،لاکھوں صارفین ٹیکس نیٹ میں نہ آسکے۔ فوٹو: فائل

کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے ریونیوریسورسز جنریشن ڈپارٹمنٹ کے افسران کی نااہلی ، عدم دلچسپی اور بے ضابطگیوں کے باعث ادارے کی ریکوری کی صورتحال نہ صرف روز بروز ابتر ہوتی جارہی ہے بلکہ اس کے لاکھوں صارفین تاحال اس کے ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہوسکے ہیں اگر ان صارفین کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرلیا جائے تو ادارے کی آمدنی میں اربوں روپے کی آمدنی ہوسکتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ واٹربورڈ کی انتظامیہ نے خراب کارکردگی پر چھ افسران کے لیوانکیشمنٹ روک لیے ہیں تاہم شعبے کے سربراہ کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ،باخبر ذرائع کے مطابق کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے ریکوری ڈپارٹمنٹ کا سال 2011/2012میں ریکوری ٹارگٹ 5050ملین روپے تھا تاہم اس کو اس مد میں 3321ملین روپے ملے ،ریٹیل صارفین کی مد میں ٹارگٹ 6850ملین روپے تھا جبکہ 4696 ملین روپے حاصل ہوئے جبکہ دیگر مد میں 1500ملین روپے ہدف تھا۔

تاہم اس مد میں صرف 302ملین روپے کی وصولیابی کی گئی ،ذرائع نے بتایا کہ افسوس اور شرم کی بات یہ ہے کہ اس سال واٹربورڈ نے اپنے بلک اور عام صارفین کے ٹیرف میں بالترتیب 26 فیصد اور 82فیصد اضافہ کیا تھا جس کے بعد اگر واٹربورڈ کے افسران سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کو اپنی طے شدہ ہدف سے زیادہ رقم ملتی مگر صورتحال اس کلے قطعی برعکس رہی ،ذرائع نے بتایا کہ اس وقت واٹربورڈ کے صارفین کی مجموعی تعداد 14 لاکھ ہے جس میں صرف کم وبیش تین لاکھ صارفین پابندی سے اپنا بل ادا کرتے ہیں ،واٹربورڈ دیگر صارفین سے اپنا بل تک وصول کرنے میں ناکام ہے۔