سیمنٹ اینٹ بجری و دیگر اشیا پر ٹیکس ایڈجسٹمنٹ سہولت واپس تعمیراتی شعبے کے متاثر ہونے کا خدشہ

پینٹ، وارنش،ڈسٹیمپر،بجلی گیس آلات،پائپس وفٹنگز،کٹلری سمیت دیگراشیا پر100فیصدٹیکس ایڈجسٹمنٹ نہیںہوگی، ایس آراوجاری


Irshad Ansari May 31, 2013
میٹریل مہنگا اور تعمیراتی لاگت میں اضافہ ہوجائے گا،ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کا غلط استعمال روکنے کیلیے سہولت ختم کی گئی،ایف بی آر حکام

نگراں حکومت نے جاتے جاتے منی بجٹ جاری کر کے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا۔

صدر مملکت کی طرف سے منی بجٹ کے لیے صدارتی آرڈیننس جاری کرنے سے انکار کے بعد نگراں حکومت نے ایف بی آر سے ایس آر او جاری کراکر منی بجٹ کے ذریعے سیمنٹ، اینٹوں، بجری، تمام اقسام کے پینٹ کے علاوہ کراکری،کٹلری اورگھریلو استعمال کے برتن تک مہنگے کر دیے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے سیمنٹ ،اینٹوں،بجری،تمام اقسام کے پینٹ، وارنش اور ڈسٹیمپر سمیت دیگر بلڈنگ میٹریل پر دی جانے والی 100 فیصد ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کی سہولت واپس لے لی ہے جس سے ملک بھر میں سیمنٹ، اینٹیں، پینٹس سمیت دیگر بلڈنگ میٹریل مہنگا ہوجائیگا اور تعمیراتی لاگت میں بھی اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں تعمیراتی شعبہ بری طرح متاثر ہوگا۔



اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے گزشتہ روزنوٹیفکیشن نمبر 450(I)2013جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت 12 جون2004 کو جاری کردہ ایس آر او نمبر 490(I)/2004 میں ترامیم کردی گئی ہیں۔ ترمیمی ایس آر او کے ذریعے سیمنٹ، اینٹوں، بجری، تمام اقسام کے پینٹ، وارنش اور ڈسٹیمپر، بجلی و گیس کے آلات، پائپس و تمام اقسام کی فٹنگز،آفس ایکویپمنٹس،اور مشینیں، تمام اقسام کی تاریں بشمول بجلی کے تار، معمول کی الیکٹریکل فٹنگ، سینٹری فٹنگ اور دیگر بلڈنگ میٹریل کے علاوہ کراکری،کٹلری اورگھریلو استعمال کے برتنوں سمیت دیگر اشیا پر 100 فیصد ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔

اس بارے میں جب ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اب مذکورہ اشیا کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والے مال پر جو ٹیکس ادا کیا جائے گا اس خام مال سے تیار ہونے والی مذکورہ اشیا کی فروخت پر اس میں ان پٹ ٹیکس کی ایڈجسٹمنٹ کی سہولت نہیں دی جائے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اس اقدام سے ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا تو انہوں نے کہاکہ اشیا پر دی جانے والی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کی سہولت کا غلط استعمال ہو رہا تھا جسے روکنے کے لیے یہ سہولت ختم کی گئی ہے اور یہ حقیقت ہے کہ اس سے ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں