چاروں گورنربھی مرحلہ وار تبدیل کرنے کا فیصلہ

وفاق میں بیوروکریسی اور سرکاری،نیم سرکاری اداروں کے سربراہ بھی تبدیل کیے جائیں گے


Staff Reporter May 31, 2013
وفاق میں بیوروکریسی اور سرکاری،نیم سرکاری اداروں کے سربراہ بھی تبدیل کیے جائیں گے فوٹو: فائل

ن لیگ کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاق میں حکومت قائم ہونے کے بعد تمام صوبوں کے گورنرز بالشمول گلگت بلتستان ، وزارتوں کے سیکریٹریز ،سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے سربراہوں سمیت اہم عہدوں پر تعینات تمام افسران کو مرحلہ وار تبدیل کیا جائے گا اور تمام عہدوں پر ایماندار افسران میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے ن لیگ میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور اسی مشاورتی عمل کے نتیجے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاق میں ن لیگ کی حکومت قائم ہونے کے بعد اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے سندھ، پنجاب،خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے گورنرز کو مرحلہ وار تبدیل کردیا جائے گا اور بہترین کردار کے حامل اور ایماندار شخصیات کو گورنر کے عہدوں پر فائز کیا جائے گا ۔



ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کی حکومت برسراقتدار آکر وفاقی سطح پر بیوروکریسی میں مکمل تبدیلی کردے گی۔ تمام وزارتوں کے سیکریٹریز ،ایڈیشنل سیکریٹریز ، سرکاری و نیم سرکاری اداروں خصوصاً پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائن، پاکستان ریلوے، پاکستان اسٹیل مل، پی این ایس سی سمیت دیگر تمام اداروں کے سربراہوں کو مرحلہ وار تبدیل کیا جائے گا۔