کوارٹر فائینل میں پاک بھارت معرکہ آرائی کا امکان

گرین شرٹس کوآج کیویزپر فتح درکار


Sports Desk August 16, 2012
نیپالی انڈر19بیٹسمین راہول وشواکرما سوئپ شاٹ کے ذریعے گیند کو بائونڈری کی سیر کرا رہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

KARACHI: انڈر 19ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاک بھارت معرکہ آرائی کا امکان روشن ہوگیا، گرین شرٹس اپنے گروپ 'بی' کا تیسرا اور آخری میچ جمعرات کو نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلیں گے، یہ مقابلہ سپر لیگ مرحلے میں دونوں ٹیموں کی پوزیشن کے تعین کیلیے اہم ہوگا، دونوں ممالک کی اگلے مرحلے میں رسائی پکی ہوچکی،سردست پاکستان اور نیوزی لینڈ نے اپنے دونوں ابتدائی میچز جیت کر 4،4 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، کیویز کیخلاف فتح کی صورت میں پاکستان 20 اگست کو روایتی حریف بھارت سے کوارٹر فائنل میں مقابلہ کر سکتا ہے۔

دوسری جانب بھارت کو پاکستان سے اس مرحلے میں مقابلہ یقینی بنانے کیلیے پاپوا نیوگنی کو اختتامی لیگ میچ میں شکست دینا ہوگی۔گروپ 'سی ' میں صورتحال اس وقت بڑی دلچسپ ہے، جمعرات کو شیڈول میچز میں اگر زمبابوے کی ٹیم ویسٹ انڈیز کو اپ سیٹ شکست دے اور بھارت ، پاپوا نیوگنی پر غلبہ پائے تو پھر تینوں ٹیموں کے پوائنٹس یکساں ہوسکتے ہیں،ایسے میں اگلے مرحلے میں دو ٹیموں کی رسائی کا فیصلہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر چلا جائیگا،البتہ اگر سب کچھ کرکٹ ماہرین کے اندازوں کے مطابق رہا تو ممکنہ طور پر دونوں ایشین حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں ٹکرائیں گی۔

دریں اثنا بدھ کے روز جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو4 وکٹ سے مات دے کر سپر لیگ کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی،آئی لینڈرز تین میچز میں دو ناکامیوں کی وجہ سے محض 2 پوائنٹس ہی اپنے نام کرپائی، گروپ ' ڈی ' سے اب بنگلہ دیش کے پاس ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچنے کا سنہری موقع ہے، وہ جمعرات کو نمیبیا کیخلاف فتح سے آئی لینڈرز کو پلیٹ چیمپئن شپ میں جانے پر مجبور کرسکتا ہے۔ بدھ کے روز جنوبی افریقی بولرز کورن ڈرائی نے 16 رنز دے کر 4 جبکہ کیلون سیویج نے 30 رنز کے عوض 2 وکٹیں لے کر سری لنکن اننگز 37.4 اوورز میں 150رنز تک محدود کردی، پولینا تھارنگا نے 50 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، پروٹیز نے ہدف 33 اوورز میں 6 وکٹ پر حاصل کر لیا۔

چاڈ بووئس 46 اورتھیونس ڈی برائن 42 رنز بناکر نمایاں رہے، تھارینڈو کوشل نے 3 اور سنیتھا ڈی میل نے 2 وکٹیں لیں۔گروپ ' اے ' میں آئرلینڈ نے نیپال کو 14رنز سے مات دی، فاتح سائیڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 185رنز بنائے، شین گیٹ 47 اور اینڈی میک برائن41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، راہول وشواکرما ، اویناش کرن اور بھون کارکی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،نیپالی ٹیم 49.3 اوورز میں 171 پر ہمت ہارگئی، راہول وشواکرما نے32، سبھاش نے31 اور پردیپ نے 29رنز بنائے، جورج ڈوکریل نے 22رنز دے کر4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔گروپ 'بی' میں افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو10رنز سے زیرکر کے پہلی فتح پائی، فاتح ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے48.3 اوورز میں 191 رنز پر آئوٹ ہوئی۔

کپتان جاوید احمد نے71اور افسرخان نے 44 کی اننگز کھیلی،گیون مین اور رائوڈری اسمتھ نے 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا،اسکاٹش ٹیم 49.2 اوورز میں 181 رنز بناسکی، روز میکلیرین نے67 رنزاسکور کیے، سید شیرزاد نے 3 اورآفتاب عالم نے 2وکٹیں لیں۔