وارم اپ میچز آسٹریلیا و بھارت آج تیاریاں جانچیں گے

دھونی الیون کا سامنا سری لنکا سے ہوگا، کلارک کی ٹیم ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گی۔


Sports Desk June 01, 2013
دھونی الیون کا سامنا سری لنکا سے ہوگا، کلارک کی ٹیم ویسٹ انڈیز سے ٹکرائے گی۔ فوٹو: فائل

چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں ہفتے کو دو وارم اپ میچز کھیلے جائینگے، ایجبسٹن میں بھارتی ٹیم سری لنکا کا سامنا کریگی، کارڈف میں ویسٹ انڈیز کا ٹکراؤ آسٹریلیا سے ہوگا۔

دھونی الیون کو فکسنگ کی ڈراؤنی یادوں کوبھلانے کا چیلنج درپیش ہے، کھلاڑی بدنامی کی داستانوں کو پس پشت ڈال کر کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور سری لنکا کے درمیان وارم اپ میچ بھی اسی وینیو پر کھیلا جانا ہے جہاں پر جمعرات کو پاکستان کا آئی لینڈرز سے مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا تاہم ہفتے کو مطلع صاف رہنے کی امید ہے اس لیے دونوں ٹیموں کو چیمپئنز ٹرافی سے قبل کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع میسر آئیگا۔ بھارت کیلیے اس وقت سب سے بڑا چیلنج اسپاٹ فکسنگ کی خوفناک یادوں کو بھلا کر کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنے کا چیلنج درپیش ہے، فیلڈ میں کچھ بہتر کارکردگی انھیں بدنامی کی داستانوں سے پیچھا چھڑانے میں مدد مل سکتی ہے۔



کنڈیشنز بھارتی فاسٹ بولرز کیلیے موزوں ہیں تاہم انھیں لائن اینڈ لینتھ پر دھیان دینے کی ضرورت ہوگی، دھونی پہلے ہی واضح کرچکے ہیں وہ پانچ فاسٹ بولرز کی حکمت عملی اپنا سکتے ہیں، اب یہ ان کے فاسٹ بولرز پر منحصر ہے کہ وہ کنڈیشنز سے کتنا فائدہ اٹھاسکتے ہیں، بھارتی امیدوں کے محور بھونیشور کمار ہیں جنھوں نے اپنے ملک میں کافی اچھی پرفارمنس پیش کی ہے، اسی طرح امیش یادیو بھی انجری سے نجات کے بعد ٹیم میں واپس آچکے ہیں، ایشانت شرما بھی آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی پیش کرچکے اور کافی ردھم میں ہیں، دھونی چوتھے پیسر کے طور پرعرفان پٹھان کو آزما سکتے ہیں اب دیکھنا یہ ہوگا کہ وہ ونے کمار کو کھلاتے ہیں یا پھر کسی اسپیشلسٹ اسپنر کو میدان میں اتارتے ہیں۔ دوسری جانب پہلا وارم اپ میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے سری لنکا بھی اپنی تیاریاں جانچنے کا شدت سے منتظر ہے۔ ادھر کارڈف میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا بھی ایک دوسرے کا شکار کھیل کر حوصلے بلند کرنے کے خواہاں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں