دورۂ یورپ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی ہالینڈ روانگی

ورلڈ کپ تیاریوں کے لیے گرین شرٹس نیدر لینڈز اور جرمنی کے خلاف 3،3جبکہ بیلجیئم سے 2 میچزکھیلے گی.


Sports Reporter June 01, 2013
ورلڈ کپ تیاریوں کے لیے گرین شرٹس نیدر لینڈز اور جرمنی کے خلاف 3،3جبکہ بیلجیئم سے 2 میچزکھیلے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم یورپی ٹیموں کے دانت کھٹے کرنے کا عزم لیے ہالینڈ روانہ ہو گئی۔

چیف کوچ رانا مجاہد علی کا کہنا ہے کہ تربیتی کیمپس میں کچھ نئے تجربات کیے ہیں جنہوں حریف سائیڈز کے خلاف استعمال کریں گے۔ کپتان عمر بھٹہ کے مطابق بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے وطن واپس آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق رواں سال بھارت میں شیڈول جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے قومی جونیئر ہاکی ٹیم لاہور سے براستہ ابوظبی ہالینڈ کے لئے روانہ ہو گئی ہے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل لاہور سے بیرون ملک روانہ ہونے والوں عمر بھٹہ کپتان، کاشف شاہ، مظہرعباس، امین یوسف (گول کیپرز)، محمد خالد ، فیصل قادر، سید کاشف شاہ (فل بیک)، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، عماد شکیل بٹ، تصور عباس، کاشف جاوید (ہاف بیکس) محمد عرفان، ایم عمر بھٹہ، محمد دلبر، علی شان، محمد سلمان، محمد عمیر، محمد رضوان اور حافظ محمد رضوان علی (فارورڈز) جبکہ آفیشلز میں چیف کوچ و منیجر رانا مجاہد علی، کوچز دانش کلیم، انجم سعید اور ٹیم ڈاکٹر اسد عباس شامل ہیں۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم اپنے دورے کے دوران ہالینڈ، جرمنی اور بیلجیئم کے خلاف مجموعی طور پر 8میچزکی سیریز کھیلے گی،گرین شرٹس کے ہالینڈ اور جرمنی کے خلاف 3،3جبکہ بیلجیئم سے 2 میچز شیڈول ہیں۔



دریں اثنا جونیئر ہاکی ٹیم کے منیجر و چیف کوچ رانا مجاہد علی اور کپتان نے دورۂ یورپ کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے مددگار قرار دیا ہے۔ لاہور سے میڈیا میں بات چیت میں رانا مجاہد علی نے کہا کہ یہ جونیئر ٹیم کا پہلا یورپ کا دورئہ ہے، لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے کیمپس کے دوران ہم نے کچھ نئے تجربات کئے ہیں جنہیں حریف سائیڈز کے خلاف استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو وارننگ جاری کر رکھی ہے کہ دورے کے دوران اچھی کارکردگی نہ دکھا پانے والے کھلاڑیوں کو باہر بٹھا کر ٹیم میں نئے پلیئرز کو شامل کیا جائے گا۔ کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ یورپی دورئہ کے دوران بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے وطن واپس آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہالینڈ ،جرمنی اور بیلجیئم کی ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملے گا جس سے بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں میں کافی مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ہی ٹف ٹیمیں ہیں لیکن جرمنی پچھلے جونیئر ورلڈ کپ کی فاتح ہے ۔کیمپ میں ٹریننگ کے دوران مذکورہ تینوں ٹیموں کے خلاف کھیلنے کی اسٹرٹیجی پر کا فی محنت کی گئی ہے ۔کھلاڑیوں کو مخالف ٹیموں کے میچز کی ویڈیو دکھا کو انہیں ٹریننگ دی گئی ہے ۔عمر بھٹہ نے کہاکہ شارٹ کارنر کے لئے توثیق احمد مڈ فیلڈ میں علی شان ،دلبر ،سلمان اور ڈیفنس میں کاشف شاہ بہترین کھلاڑی ہیں اور ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ عمر بھٹہ نے کہاکہ دورہ یورپ کے دوران موسم میںکا فی فرق پڑے گا ۔پاکستان میں گرمی ہے اور وہاں پر کافی سرد موسم ہوگا لیکن ہمارے کھلاڑی اپنے آپ کو ایڈجسٹ کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں