قومی مفادات کوترجیح دی اس لیے ناکام ہوئےرضا ربانی

پاک ایران گیس منصوبے کی وجہ سے پیپلزپارٹی کوانتخابات میں شکست ہوئی


Staff Reporter June 01, 2013
ن لیگ ڈرون حملوں کے حوالے سے پالیسی قوم کے سامنے لائے، پریس کانفرنس ۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ ہم نے امریکی مفادات کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دی اسی لیے حالیہ انتخابات میں ناکام رہے۔

ن لیگ ڈرون حملوں کے حوالے سے اپنی پالیسی قوم کے سامنے لائے۔ وہ جمعے کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ توانائی بحران پہلے سے بھی زیادہ بڑھ چکا ہے اورن لیگ کی حکومت کو بجلی کی کمی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوںگے۔ انھوں نے کہا کہ پاک اپران گیس منصوبے کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو دوبارہ حکومت میں نہیں آنے دیا گیا۔ پیپلز پارٹی نے امریکی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح نہیں دی جس کی واضح مثال گوادر پورٹ اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے ہیں۔



رضا ربانی نے کہا کہ ن لیگ کی انتخابی مہم کا بنیادی نکتہ لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ تھا لیکن ن لیگ کی قیادت بجلی بحران کو ختم کرنے کے لیے قوم سے مزید مہلت مانگ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چند روز قبل ہونے والے ڈرون حملے پرن لیگ کی جانب سے تاحال کوئی مذمت نہیں آئی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ن لیگ ڈرون حملوں کے حوالے سے عوام کو اعتماد میں لے اور ڈرون حملوں کے حوالے سے اپنی واضح پالیسی پارلیمنٹ میں پیش کرے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد امریکی اور برطانوی سفیروں کی بھاگ دوڑ سے لگتا ہے کہ وہ اب بھی اپنے آپ کو وائسرائے سمجھتے ہیں۔ انھوں نے استفسار کیا کہ امریکی سفیر کون ہوتا ہے جو ایک جماعت کے سربراہ سے خیبر پختونخوا میں حکومت کی ترجیحات معلوم کرے۔