اسکولوںمیں ایس ایل ٹی کی خلاف ضابطہ بھرتیوںکیلیے تقررنامے جاری

ٹیسٹ میں شریک نہ ہونیوالے اورٹیسٹ میں ناکام افرادکوبھی تقررنامے جاری کیے گئے.


Staff Reporter/staff Reporter August 16, 2012
جوڈیشل مجسٹریٹ افضل روشن کاجیل حکام پراظہاربرہمی،یوسف کی رہائی کاحکم۔ فوٹو: فائل

صوبا ئی محکمہ تعلیم کی جانب سے کراچی کے سرکاری اسکولوں میں سندھی لینگویج ٹیچرز ( ایس ایل ٹی )کی خلاف ضابطہ بھرتیوں کے سلسلے میں تقررنامے جاری کیے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بھرتیوں کے سلسلے میں درجنوں ایسے امیدواروںکو تقررنامے جاری کردیے گئے ہیں جو سندھی لینگویج ٹیچرزکے لیے منعقدہ امتحان میں شریک نہیں ہوئے تھے جبکہ تقررنامے حاصل کرنے والے امیدواروں میں ایسے امیدوار بھی شامل کیے گئے ہیں جو صوبا ئی محکمہ تعلیم کی جانب سے منعقدہ تحریری ٹیسٹ میںکامیاب ہی نہیں ہوئے ، یہ بھرتیاں ڈائریکٹر اسکولز کراچی کے تعطیلات پر جانے کے بعدقائم مقام ڈائریکٹر اسکولزسے کرائی جارہی ہیں اور تقرر ناموں کے اجرا کے سلسلے کوخفیہ رکھنے کے لیے اسے سوک سینٹرمیں قائم ڈائریکٹوریٹ اسکولز کے دفترکے بجائے سندھ کی ایک اعلیٰ شخصیت کے دفترسے جاری کیا جارہا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ اسکولز کراچی کی جانب سے یہ بھرتیاں سندھ لینگویج ٹیچرز کے تحریری ٹیسٹ کے نتائج روک کرکی جارہی ہیں اور اس کے لیے صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈائریکٹر اسکولز کراچی کا قائم مقام چارج سنبھالنے والے گریڈ 19کے افسر شمس الدین دل کی خدمات حاصل کی گئی ہیں محکمے کی جانب سے غیرمتعلقہ افراد کوسندھی لینگویج ٹیچرز کے تقررنامے بھی شمس الدین دل کے دستخط ہی سے جاری کیے جارہے ہیں۔