وارم اپ میچ بھارت نے رنز کا کوہ ہمالیہ عبور کرلیا

سری لنکا کے خلاف کوہلی اور کارتھک کی سنچریوں نے334 کا ہدف پار کرایا


Sports Desk June 02, 2013
برمنگھم: ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں بھارتی بیٹسمین دنیش کارتھک اسکوائر لیگ کی جانب شاٹ کھیل رہے ہیں، سری لنکا کیخلاف انھوں نے ناقابل شکست 106 رنزبنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ فوٹو: اے ایف پی

چیمپئنز ٹرافی وارم اپ میچ میں بھارت نے رنز کا کوہ ہمالیہ عبور کرتے ہوئے سری لنکا کو 5 وکٹ سے مات دے دی۔

ویات کوہلی اور دنیش کارتک کی سنچریوں نے ٹیم کو334 کا مشکل ہدف پار کرایا، ناکام ٹیم کے دلشان نے 84 اورکوشل پریرا نے82 کی اننگز کھیلیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کپتان مہندرا دھونی کا ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ سری لنکن اوپننگ جوڑی نے غلط ثابت کر دیا، سوئنگ کے متلاشی پیسرز کی خوب دھنائی ہوئی، کوشل پریرا82 رنز بنا کر ریٹائر ہوئے تو ٹیم کا مجموعہ 26 اوورز میں 160 تھا، دلشان 82 کی اننگز کے بعد دیگر بیٹسمینوں کو پریکٹس کا موقع دینے کیلیے واپس لوٹ گئے،اس دوران دھونی نے 68 پر انھیں اسٹمپڈکرنے کا موقع بھی گنوایا،ونے کمار نے سنگا کارا(2) کا کیچ اپنی ہی گیند پر چھوڑا،بالآخر ایشانت شرما نے جے وردنے (30) کی صورت میں ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، سنگا کارا45 پر مشرا، چندیمل46 پر بھونیشورکمار کا شکار بنے، تشارا پریرا 26 اور دلہارا 6پر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 333تک لے جانے میں کامیاب ہوئے، بھارت نے 7بولرز آزمائے،عرفان پٹھان 5اوورز میں 45رنزدے کر سب سے مہنگے ثابت ہوئے۔



جواب میں بلو شرٹس نے پہلا نقصان شیکھر دھون (1)کے رن آؤٹ کی صورت میں اٹھایا، ویرت کوہلی نے کمان سنبھالی تو مرلی وجے(18) ساتھ چھوڑ گئے،کامیاب بولر ایرنگا تھے، راہول شرما کی اننگز تشارا پریرا نے5 رنز تک محدود کی، سریش رائنا (34 ) سینا نائیکے کی گیند پر بولڈ ہوئے تو مجموعی اسکور4 وکٹ پر 110 تھا، ویرت کوہلی نے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے آؤٹ ہونے پر بھارت کو 37 گیندوں پر 36 رنز درکار تھے، دنیش کارتھک نے سنچری مکمل کرتے ہوئے ہدف ایک اوور قبل ہی حاصل کرلیا،وہ 106 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، دھونی نے آؤٹ ہوئے بغیر 18 رنز بنائے، سری لنکا نے 9 بولرز آزمائے، دلہارا نے ایک اوور میں 18 اور مینڈس نے 3 اوورز میں 31 رنز دیے، ایرنگا نے 60 کی پٹائی برداشت کرنے کے بعد 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں