پی آئی اے ٹریفک عملے کا مسافر سے ناروا سلوک تھپڑ مار دیا

سپروائزر سکندر نے اسٹاف کی غلطیوں کا ذمے دار مسافر کو قرار دیا اور بورڈنگ پاس چھین لیا


Staff Reporter September 19, 2018
مسافر حسن صدیقی کو پہلے غلط بورڈنگ پاس جاری کیا اور سامان دوسری پرواز پر پہنچا دیا۔ فوٹو: فائل

پی آئی اے ٹریفک عملے نے مسافر سے ناروا سلوک کیا اور بورڈنگ پاس کے باوجود مسافر کو بین الاقوامی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔

موبائل سے فوٹیج بنانے پر قومی ایئر لائن کے کائونٹر پر موجود سپروائزز نے غصے میں بے قابو ہوکر مسافر کو تھپڑ مار دیا، پی آئی اے انتظامیہ نے گرائونڈ سپروائزر سکندر کو معطل کردیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پی آئی اے کے جناح ٹرمینل سے براستہ اسلام آباد بیجنگ، ٹوکیو جانے والی پرواز پی کے 852 کے مسافر حسن صدیقی نے مقررہ وقت پر ایئر پورٹ پہنچ کر اپنا بورڈنگ پاس وصول کیا اور پی آئی اے کے عملے نے مسافر کا سامان بھی جہاز پر پہنچا دیا، مگر بعدازاں قومی ایئر لائن کے گرائونڈ اسٹاف کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور مسافر کا ڈومیسٹک بورڈنگ پاس منسوخ کرکے اسے بین الاقوامی بورڈنگ پاس جاری کر دیا گیا۔

مسافر حسن صدیقی کے مطابق وہ اس سے قبل بھی پی آئی اے کی پرواز پر کراچی سے بیجنگ، ٹوکیو 4 مرتبہ سفر کرچکا ہے، اس سے قبل وہ کراچی سے اسلام آباد تک بطور ڈومیسٹک فلائٹ سفرکرتا تھا تاہم اسلام آباد پر اس کی بین الاقوامی امیگریشن کے مراحل طے کیے جاتے تھے، مگر پہلی بار ایسا ہوا کہ جناح ٹرمینل سے ہی بین الاقوامی امیگریشن کا مرحلہ مکمل کیا جا رہا تھا جس کے حوالے سے قبل از وقت نہ تو اسے کوئی معلومات فراہم کی گئی، نہ ہی پرواز کی روانگی کے وقت رہنمائی کیلیے پی آئی اے کا عملہ موجود تھا۔

حسن صدیقی کے مطابق پی آئی اے اسٹاف کی جانب سے اسے بین الاقوامی پرواز کا بورڈنگ پاس جاری کر دیا گیا تھا، مگر پی آئی اے کی غفلت سے کسی دوسری پرواز پر اس کے لوڈ ہونے والے سامان کی واپسی میں ایک گھنٹہ لگ گیا۔

حسن صدیقی کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ ٹوکیو کی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہے اور جمعے اور پیر کو اسے یونیورسٹی میں کلاسز اٹینڈ کرنی تھی، جبکہ 20 ستمبر کو اسے ٹوکیو میں ڈرائیونگ لائسنس کیلیے ٹرائل بھی دینا تھا۔

ناروا سلوک کے شکار مسافر کا مزید کہنا تھا کہ ایک لاکھ 30 ہزار کا ٹکٹ خریدنے کے بعد وہ پی آئی اے عملے کے اس قسم کے سلوک پر انتہائی دلبرداشتہ ہو چکا ہے، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ برے سلوک کی بنا پر پی آئی اے انتظامیہ نے سپروائز سکندر کو معطل کر دیا ہے۔