افغانستان نے بنگلادیش کو 136 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  جمعرات 20 ستمبر 2018
فوٹو: اے ایف پی

فوٹو: اے ایف پی

ابوظہبی: ایشیا کپ میں افغانستان نے بنگلادیش کو 136 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

ابوظہبی  کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں افغان ٹیم کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی ہے۔افغان بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔

مڈل آڈر بیٹسمین حشمت اللہ شہیدی 58 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ راشد خان 57 اور گلبدین نائب 42 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلادیش کی جانب سے اسپنر شکیب الحسن سب سے کامیاب بالر رہے جنہوں نے 4شکار کیے،ابو حیدر نے 2 اور روبیل حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی،افغان بالرز کی طوفانی بالنگ کے سامنے بنگال ٹائیگرز کی  بیٹنگ مکمل طور پر ناکام ہوگئی، بنگلادیش کے 8 پلیئرز ڈبل فگرزمیں بھی داخل نہ ہوسکے،شکیب الحسن 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ محمود اللہ نے 27 اور مصدق حسین نے 26 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب مجیب الرحمان ،گلبدین اور راشد خان نے 2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ آفتاب عالم اور رحمت شاہ کے حصے میں 1،1 وکٹ آئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ میں بڑا اپ سیٹ؛ افغانستان کی سری لنکا کو شکست

گروپ بی سے لگاتار دو میچز ہارکر سری لنکا کے ایونٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے باقی بچنے والی دونوں ٹیمیں بنگلا دیش اور افغانستان سپر 4 راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔