پولیس نے بھارتی بورڈ کے مستعفی سیکریٹری کو طلب کرلیا

راجستھان اورکھلاڑیوں و فرنچائزکے کنٹریکٹس کی معلومات حاصل کی گئیں.


Sports Desk June 04, 2013
گروناتھ میاپن اوروندو کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں 14 جون تک جیل بھیج دیا گیا فوٹو : فائل

KARACHI: اسپاٹ فکسنگ کیس میں دہلی پولیس نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے مستعفی سیکریٹری سنجے جگدل کو طلب کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں پوچھ گچھ کے لیے نہیں بلکہ معلومات حاصل کرنے کی غرض سے بلایا گیا، بورڈ کے راجستھان رائلز سے معاہدے اور کھلاڑیوں و فرنچائز کے کنٹریکٹس کی معلومات حاصل کرکے انھیں واپس بھیج دیا گیا، سنجے جگدل کے ہمراہ آئی پی ایل کے چیف ایگزیکٹیو سندررامن کو بھی بلایا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راجستھان رائلز نے اپنے تین کھلاڑیوں شری شانتھ، چنڈیلا اور چھاون کے خلاف کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔



دریں اثنا بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن اور اداکار وندو دارا سنگھ کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں 14 جون تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا، پولیس نے ان دونوں کو گذشتہ ماہ راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں کی گرفتاری کے بعد حراست میں لیا تھا، میاپن کے معاملے کی تحقیقات کیلیے بی سی سی آئی نے اپنا تین رکنی کمیشن بھی قائم کردیا ہے۔

علاوہ ازیں ممبئی پولیس نے پونے کے ایک بکی کشور لال چند بادلانی کو ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا، پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بادلانی مسلسل انڈر ورلڈ سے رابطے میں ہے۔ گذشتہ روز کیرالا کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ٹی سی میتھیو اور ڈسٹرکٹ سیکریٹری الاپوزا نے دہلی کی تہاڑ جیل میں فاسٹ بولر شری شانتھ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایک وکیل سری جیتھ بھی ان کے ہمراہ تھے جو کرمنل کیسز کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں