فرنچ اوپن نڈال نے27ویں سالگرہ کو فتح سے یادگار بنا لیا

جوکووک اور ہاس کی کوارٹر فائنلز میں رسائی،فیڈرر نے سیمون کومات دے کر900 فتوحات کا سنگ میل عبور کیا.


AFP/Sports Desk June 04, 2013
پیرس :فرنچ اوپن میں شریک اسپینش اسٹار رافیل نڈال کا27ویں سالگرہ کے کیک کیساتھ پوز ۔ فوٹو : اے ایف پی

رافیل نڈال نے27 ویں سالگرہ کو فتح سے یادگار بنالیا، ٹاپ سیڈ نووک جوکووک نے کوہل شریبر اور ٹامی ہاس نے میخائل یوزنی کو پچھاڑ کر فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنلز میں جگہ بنالی۔

راجرفیڈرر نے جائلز سیمون کو اعصاب شکن مقابلے میں مات دیکر ٹور کی 900 فتوحات کا سنگ میل عبور کرلیا، ویمنز سنگلز میں وکٹوریاآذرنیکا اور ماریا کریلنکو نے راؤنڈ 8 میں شمولیت اختیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپئن رافیل نے چوتھے راؤنڈ میں جیت کی بدولت اپنی 27ویں سالگرہ کو یادگار بنالیا،انھوں نے میچ کے بعد کورٹ میں ہی کیک کاٹا،اسپینش اسٹار نے جاپانی حریف کائی نیشکوری کو 6-4،6-1 اور 6-3 سے مات دی،اس کامیابی کی بدولت نڈال کا فرنچ اوپن میں ریکارڈ56-1 ہوگیا، وہ رواں سیزن میں اب تک کلے کورٹ پر 37 میں سے 35 میچزجیت چکے۔



کائی نیشکوری کے 80 برس بعد کوارٹر فائنل میں پہنچنے والے دوسرے جاپانی پلیئر بننے کا خواب ادھورا رہ گیا،ان سے قبل 1931 اور 1933 میں جیرو ساتو نے اس مرحلے میں جگہ بنائی تھی،ٹاپ سیڈ سربیا کے نووک جوکووک نے جرمن حریف فلپ کوہل شریبر کو 4-6،6-3،6-4 اور 6-4 سے مات دیکر راؤنڈ8 میں رسائی پائی، جرمنی کے ٹامی ہاس نے روسی پلیئر میخائل یوزنی کا قصہ 6-1،6-3 سے تمام کردیا۔ویمنز فورتھ راؤنڈ مقابلوں میں تھرڈ سیڈ بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا نے اطالوی حریف فرانسسکا شیوانے کو 6-3،6-0 سے ٹھکانے لگادیا،روس کی 12سیڈ ماریا کریلنکو نے امریکی کھلاڑی بیتھنی میٹک سینڈز کو 7-5،6-4 سے قابو کرلیا۔

اس سے قبل اتوار کی شب مکمل ہونے والے میچ میں راجرفیڈرر نے اعصاب شکن مقابلے میں فرانس کے جائلز سیمون کو 6-1،4-6،2-6،6-2 اور 6-3 سے مات دی، اس طرح انھوں نے کیریئر کی 900 فتوحات مکمل کرلیں، وہ لگاتار 36جبکہ مجموعی طور پر 40ویں بارگرینڈ سلم کے کوارٹرفائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، فیڈرر900 یا زائد میچز جیتنے والے دنیا کے چوتھے پلیئر بن گئے، ان سے قبل اس منفرد کلب میں جمی اوکونر(1156 میچز)، ایوان لینڈل(1068) اور گولیرمو ویلاس (640) موجود ہیں۔