فرنچ اوپن سونگا نے راجر فیڈرر کی کہانی ختم کردی

فیرر نے روبریڈو کو مات دیکر فائنل فور میں رسائی پائی، ویمنزمیں سرینا اور سارا کامیاب


AFP/Sports Desk June 05, 2013
فیرر نے روبریڈو کو مات دیکر فائنل فور میں رسائی پائی، ویمنزمیں سرینا اور سارا کامیاب۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

فرنچ اوپن میں جوئے ولفریڈ سونگا نے راجرفیڈرر کی کہانی ختم کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی،اسپین کے ڈیوڈ فیرر نے ٹومی روبریڈو کو مات دیکر فائنل فور میں رسائی پائی۔

تفصیلات کے مطابق سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم میں 17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح راجرفیڈرر کی پیشقدمی کوارٹر فائنل میں ختم ہوگئی، انھیں فرنچ پلیئر سونگا نے 7-5، 6-3 اور 6-3 سے ٹھکانے لگاتے ہوئے چیمپئن بننے کی امید قائم رکھی، تین دہائیوں قبل میزبان پلیئر یانیک نوہاہ نے ٹرافی جیتی تھی، اس کے بعد سے کوئی میزبان پلیئر ہوم ایونٹ نہیں جیت پایا، اب سونگا کو موقع مل گیا ہے، فیڈرر نے اس سے قبل چوتھے راؤنڈ میں فتح کی بدولت رولینڈ گیروس میں مجموعی طور پر 58ویں فتوحات اپنے نام کی تھیں، اس سے انھوں نے ویلاس اور نکولا کا مشترکہ ریکارڈ بھی برابر کردیا تھا تاہم ناکامی نے انھیں اس ریکارڈ کو توڑنے سے باز رکھا۔



دوسرے کوارٹر فائنل میں ڈیوڈ فیرر نے ٹومی روبریڈو کو ہرادیا، ان کی جیت اسکور 6-2، 6-1 اور 6-1 رہا۔دوسری جانب سرینا ولیمز نے بمشکل تمام ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، سویٹلانا کزنٹسووا کیخلاف انھوں نے 6-1، 3-6 اور 6-3 سے فتح پائی، فائنل میں پہنچنے کیلیے انھیں اب اطالوی پلیئر سارا ایرانی کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے دوسرے کوارٹر فائنل میں فورتھ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو 6-4 اور 7-6 سے شکست دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں