شعیب اورثانیہ کے بچے کی ولادت چند دن بعد بھارت میں متوقع

محمد یوسف انجم  جمعـء 28 ستمبر 2018
پی سی بی نے شعیب ملک کو اجازت دی ہے کہ وہ جب تک اہلیہ کے پاس رہنا چاہیں رہ سکتے ہیں: فوٹو: فائل

پی سی بی نے شعیب ملک کو اجازت دی ہے کہ وہ جب تک اہلیہ کے پاس رہنا چاہیں رہ سکتے ہیں: فوٹو: فائل

 لاہور: شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے بچے کی ولادت چند دن بعد بھارت میں متوقع ہے۔

شعیب ملک اورثانیہ مرزا کے بچے کی ولادت چند دن بعد بھارت میں متوقع ہے۔ قومی ٹیم کے سینئر بیٹسمین شعیب ملک اہلیہ کے ساتھ وقت گزارنے ہمسایہ ملک میں موجود اپنے سسرال پہنچ گئے۔ ذرآئع کے مطابق سابق کپتان  ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی سے  باقاعدہ اجازت سے دبئی سے حیدر آباد پہنچے ہیں، وہ ننھے مہمان کی آمد کے چند دن بعد تک اپنی اہلیہ کے پاس ہی موجود رہیں گے۔ ایشیا کپ سے پہلے شعیب ملک نے لاہورمیں میڈیا کے سوال پراس بات کا عندیہ دیا تھا کہ بچے کی نیشنلیٹی پاکستان اور ہندوستان کے بجائے کسی تیسرے ملک کی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے یہ درخواست بھی کی تھی کہ وہ دعاکریں کہ  یہ وقت بھی خیریت سے گزرے۔

ایکسپریس نیوزکی معلومات کے مطابق ابھی تک بچے کی ولادت  بھارت میں ہی حیدر آباد یا کسی دوسرے شہرمیں متوقع ہے۔ شعیب ملک کی آمد کے بعد ایک بارپھران کی بھی حتمی رائے لی جائے گی جس کے بعد بچے کی ولادت کے شہر کا باقاعدہ فیصلہ ہوگا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شعیب ثانیہ نے اپنے ہونے والے بچے کا نام بتادیا

دوسری جانب پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچزکے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز 24 ، 26 اور 28 اکتوبرکوکھیلے جانے ہیں تاہم ٹیسٹ کرکٹرسے کنارہ کشی اختیارکرنے والے شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی میچزمیں شرکت کرسکیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ بچے کی ولادت سے مشروط ہے۔ پی سی بی نے شعیب ملک کو اجازت دی ہے کہ وہ جب تک اہلیہ کے پاس رہنا چاہیں رہ سکتے ہیں۔

یادرہے کہ پاکستانی کرکٹراسٹارشعیب ملک اوربھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی شادی بارہ اپریل 2010 کو ہوئی تھی اور 8 سال بعد وہ والدین بننے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔