ہراسانی معاملہ؛ بالی ووڈ انڈسٹری تنوشری دتہ کے حق میں اٹھ کھڑی ہوئی

ویب ڈیسک  جمعـء 28 ستمبر 2018
مجھے تنوشری دتہ پر یقین ہے، اب وقت ہے ہم سب کو ایک دوسرے کے لیے کھڑے رہنے کا، سونم کپور فوٹو:فائل

مجھے تنوشری دتہ پر یقین ہے، اب وقت ہے ہم سب کو ایک دوسرے کے لیے کھڑے رہنے کا، سونم کپور فوٹو:فائل

ممبئی: تنوشری دتہ کی جانب سے اداکار ناناپاٹیکر پر لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات پر پوری بالی ووڈ انڈسٹری اداکارہ کی حمایت میں اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔

گزشتہ روز بھارت کی نامور صحافی جینک اسکوئرا نے ٹوئٹر پر تنوشری دتہ کے ناناپاٹیکر پر لگائے گئے الزامات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ واقعہ صحیح ہے کیونکہ وہ اس وقت وہیں تھیں، جینک کے اس ٹوئٹ کے بعد متعدد بالی ووڈ فنکاروں نےتنوشری کی حمایت میں ٹوئٹ کی۔

نامور ہدایت کارواداکار فرحان اختر نے لکھا’’10 سال قبل جب تنوشری دتہ کا کیریئر مشکلات کا شکار تھا وہ چپ رہ سکتی تھیں لیکن وہ اس وقت بھی چپ نہ رہیں اور آج بھی ان کا انداز وہی ہے جو پہلے تھا اور ان کی کہانی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اس لیے ہمیں انہیں سراہا جانا چاہیے نہ کہ ان پر سوال اٹھانے چاہئیں۔‘‘

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے لکھا کہ وہ فرحان اختر کی بات سے مکمل طور پر اتفاق رکھتی ہیں، ہمیں متاثرین پر یقین کرنے کی ضرورت ہے۔

اداکارہ سونم کپور نے بھی تنوشری کی حمایت میں ٹوئٹ کی’’مجھے تنوشری دتہ اور جینک پر یقین ہے، جینک میری دوست ہے وہ کچھ بھی ہوسکتی ہے لیکن جھوٹی نہیں ہوسکتی، اب وقت ہے ہم سب کو ایک دوسرے کے لیے کھڑے رہنے کا۔‘‘

اس خبرکوبھی پڑھیں: عامر خان تنوشری دتہ کی حمایت میں بول پڑے

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے تنوشری کا ساتھ دیتے ہوئے لکھا متاثرین اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی برداشت کرتے ہیں لہٰذا ان پر یقین کرنا چاہیے اور انہیں عزت دینی چاہیے۔

اداکارہ ریچاچڈھا نے لکھا’’ تنوشری دتہ پر جو گزری اس بات کا انہیں بے حد افسوس ہے، کوئی بھی خاتون اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے کو دنیا کے سامنے لانا نہیں چاہتی جس کی وجہ سے اسےمذاق کا نشانہ بنایاجاتا ہے، اس کے ساتھ سیٹ پر جو بھی ہوا وہ بہت خوفناک تھا۔

اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھی تنوشری کی حمایت میں ٹوئٹ کی اور لکھا مجھے تم پر یقین ہے۔

اکشے کمار کی اہلیہ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تنوشری دتہ کو جج کرنے اور انہیں شرمندہ کرنے سے پہلے جینک کی یہ ٹوئٹ پڑھ لیں۔ کام کرنے کی جگہ پر بغیر کسی ڈر اور خوف کے ماحول میں کام کرنا ہر کسی کا حق ہے۔

گزشتہ روز اداکار عامر خان نے بھی تنوشری دتہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس بارے میں زیادہ کچھ نہیں جانتےلیکن اگر واقعی میں تنوشری دتہ کے ساتھ ایسا کچھ  ہوا ہے تو یہ بہت ہی افسوس کی بات ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔