فرنچ اوپن جوکووک نے ہاس کی فتوحات کو بریک لگادیے

،ماریا شراپووا اور وکٹوریا آذرنیکا نے ویمنز سیمی فائنلز میں جگہ بنالی،ماریا کریلنکو اور جینکووچ ناکام


Sports Desk/AFP June 06, 2013
نڈال نے اسٹینسلس واورنیکا کو پچھاڑ کر فائنل فور میں قدم رکھا،ماریا شراپووا اور وکٹوریا آذرنیکا نے ویمنز سیمی فائنلز میں جگہ بنالی،ماریا کریلنکو اور جینکووچ ناکام۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

ماریا شراپووا اور وکٹوریا آذرنیکا نے سخت جدوجہد کے بعد فرنچ اوپن کے سیمی فائنلز میں جگہ بنالی، مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے اسٹینسلس واورنیکا کو پچھاڑ کر فائنل فور میں قدم رکھ دیے، سربیئن اسٹار نووک جوکووک نے جرمن حریف ٹامی ہاس کی فتوحات کو بریک لگا دیے۔

تفصیلات کے مطابق سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن کا اختتامی مرحلہ قریب آتا جارہا ہے، بدھ کو منعقدہ دو ویمنز کوارٹر فائنلز میں حسب توقع دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا اور وکٹوریا آذرنیکا نے فتوحات سمیٹ لیں، دفاعی چیمپئن اور سیکنڈ سیڈ ماریا شراپووا کو سربین اسٹار جیلینا جینکووچ نے پہلے سیٹ میں 0-6 سے نقصان پہنچایا لیکن انھوں نے اپنی تمامتر صلاحیتوں کو مجتمع کرتے ہوئے اگلے 2سیٹ 6-4 اور 6-3 سے جیت کر فائنل فور میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا، جینکووچ نے میچ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے تین لگاتار سروس بریک کرتے ہوئے پہلا سیٹ محض29 منٹ میں 6-0 سے اپنے نام کیا، شراپووا کے گرینڈ سلم کیریئر میں چوتھی مرتبہ ایسا ہوا جب وہ کوئی سیٹ 6-0 کے یکطرفہ مارجن سے ہاریں، اس کیلیے وہ کسی کو مورد الزام قرار نہیں دے سکتیں کیونکہ انھوں نے جیلینا کی2 کے برعکس 20 غیرضروری غلطیاں کیں۔



روسی پلیئر نے جلد ہی اپنے روایتی گرائونڈ اسٹروکس کی بدولت رنگ جمالیا اور سربیئن حریف کو زیر کرنے میں کامیاب رہیں، دوسری جانب ورلڈ نمبر3 آذرنیکا نے رولینڈ گیروس پر پہلے سیمی فائنل میں رسائی کیلیے دوسری روسی پلیئر ماریا کریلنکو پر 7-6(7/3) اور 6-2 سے غلبہ پایا، آسٹریلین اوپن چیمپئن آذرنیکا کو کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں تو کسی دشواری کا سامنا نہیں رہا لیکن ماریا کریلنکو نے انھیں خاصا ٹف ٹائم دیا، دونوں پلیئرز کے درمیان پہلا سیٹ 76 منٹوں پر محیط رہا،اس دوران ساتویں گیم میں کریلنکو کو میڈیکل ٹائم آئوٹ لینا پڑا جس سے واضح ہوگیا کہ ان میں مطلوبہ فٹنس کی کمی ہے۔دوسرے سیٹ میں آذرنیکا چھائی رہیں۔

انھوں نے کریلنکو کیخلاف 3-1 کی برتری لے کر اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کردیا، پانچویں ڈبل فالٹ کے بعد آذرنیکا نے8گیمز میں دو میچ پوائنٹس لے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، فتح کے بعد آذرنیکا نے کہا کہ کریلنکو واقعی سخت حریف ہے، اس نے مقابلے کا آغاز بڑے جاندار انداز میں کیا تھا، میں فرنچ اوپن میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں رسائی پانے پر بہت مسرور ہوں، پہلے ویمنز سیمی فائنل میں جمعرات کو سرینا ولیمز کا مقابلہ اطالوی حریف سارا ایرانی سے ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل ماریا شراپووا اور آذرنیکا کے درمیان ہوگا، دونوں پلیئرز اس سے قبل 12 مرتبہ مدمقابل آچکیں، اس میں بیلاروسی پلیئر کو 7-5 کی سبقت حاصل ہے، رواں برس یہ ان کا پہلا مقابلہ ہوگا۔مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے سوئس حریف اسٹینسلس واورنیکا کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا، ان کی جیت کا اسکور 6-2،6-3 اور 6-1 رہا، سربیا کے نووک جوکووک نے کوارٹر فائنل میں جرمن حریف ٹامی ہاس کو 6-3،7-5 اور 7-6 سے ٹھکانے لگایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں