ریلوے گودام کے پلاٹ پرجمع پانی میں لڑکا ڈوب گیا

کثیر المنزلہ عمارت کیلیے کئی فٹ گہری کھدائی کی گئی ،گڑھابارشوں میں پانی سے بھر گیا


Staff Reporter June 07, 2013
ریلوے گودام کے پلاٹ میں بچے کے پانی میں ڈوبنے کے واقعے کے بعد لوگ جمع ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: آئی آئی چندریگر روڈ کے قریب ریلوے کی زمین پر گڑھے میں نہاتے ہوئے لڑکا ڈوب کر ہلاک ہوگیا ،واقعے کیخلاف مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا ۔

تفصیلات کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ سے متصل ریلوے کے گودام کی زمین پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کے لیے کئی فٹ گہری کھدائی کی گئی تھی جس میں پانی جمع ہوگیا تھا ، جمعرات کو ریلوے سٹی کالونی کے بچے گرمی کی وجہ سے جوہڑ میں نہا رہے تھے کہ اس دوران 15 سالہ جمیل ڈوب گیا جس کی اطلاع پولیس اور رضا کاروں کو دی گئی، بعدازاں غوطہ خوروں نے ایک گھنٹے کی تلاش کے بعد جمیل کی لاش باہر نکال لی جسے بعدازاں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لے جایا گیا ، واقعے کے خلاف اہل محلہ نے آئی آئی چندریگر روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔



تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے مشتعل افراد کو منتشر کر دیا ، پولیس کا کہنا ہے جس مقام پر علاقے کے بچے نہا رہے تھے وہاں پر انتظامیہ کی جانب واضح طور پر بورڈ آویزاں ہے جس پر نہانے سے منع کیا گیا ہے ، ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی جس کے گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں