شکست کے بعد پاکستانی کپتان بیٹسمینوں پر برس پڑے

شائقین مایوس نہ ہوں، اب بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان موجود ہے، کپتان مصباح الحق


Sports Desk June 08, 2013
شائقین مایوس نہ ہوں، اب بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان موجود ہے، کپتان مصباح الحق فوٹو: فائل

چیمپئنز ٹرافی کے اولین معرکے میں شکست کے بعد پاکستانی کپتان مصباح الحق بیٹسمینوں پر برس پڑے، انھوں نے خاص طور پر ناصر جمشید کو آڑے ہاتھوں لیا۔

مصباح نے کہا کہ ہمیں240 سے250 رنز بنانے چاہیے تھے لیکن کچھ خراب شاٹس کھیلے گئے جس کی وجہ سے وکٹیں تواتر سے گرتی رہیں، انھوں نے مزید کہا کہ ناصر جمشید کے غلط شاٹ سے کھیل کا مومنٹم متاثر ہوا،جب آپ وکٹ پر سیٹ ہوجاتے ہیں تو پھر غلطیاں نہیں کرنی چاہئیں بصورت دیگر ٹیم کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بقیہ میچز میں بیٹسمینوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ شائقین مایوس نہ ہوں، اب بھی ہمارے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان موجود ہے، دیگر مقابلوں میں بہتر کھیل پیش کریں گے، بعض چھوٹی غلطیاں نظر آئیں انھیں دور کرنے کی ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ کم اسکور کا دفاع کرتے ہوئے بولرز نے خوب جان لڑائی مجھے ان پر فخر ہے، مصباح نے میچ میں 96 رنز بنائے۔



اس حوالے سے انھوں نے کہا کہ مجھے سنچری مکمل نہ ہونے کا دکھ نہیں افسوس صرف اس بات کا ہے کہ ہم میچ نہیں جیت سکے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان ڈیوائن براوو نے کہا کہ پاکستان کیخلاف میچ میں صورتحال مشکل تھی تاہم ہمارے پلیئرز کو فتح کاکریڈٹ جاتا ہے، کیمار روئچ نے میچ کا رخ متعین کیا، رامپال اور سنیل نارائن نے اس کا بھرپور ساتھ دیا، یہ بہت کانٹے دار مقابلہ رہا لیکن اس میں سب سے اہم بات اپنے اعصاب پر قابو رکھنا تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ پاکستان پہلے بولنگ کرے کیونکہ وکٹ پر موجود نمی اور موومنٹ سے اسے مدد ملتی، انھوں نے مزید کہا کہ گراؤنڈ میں پاکستانی شائقین کی تعداد زیادہ تھی لیکن ہم فتح سے لطف اندوز ہوئے۔مین آف دی میچ کیمار روئچ نے کہا کہ ہمارے لیے ایونٹ میں اپنا پہلا میچ جیتنا اچھا تجربہ رہا، آج میں ردھم میں نظر آیا عمدہ پرفارمنس پر فخر ہے، سلسلہ آئندہ بھی برقرار رکھوں گا۔