پاکستانی کھانے اور پروفیشنلز کی دنیا بھر میں طلب میں اضافہ

احتشام مفتی  جمعـء 5 اکتوبر 2018
کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے ملک میں 13 کیمپس ہیں، سی ای او، ٹریول مارٹ میں گفتگو۔ فوٹو: ایکسپریس

کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے ملک میں 13 کیمپس ہیں، سی ای او، ٹریول مارٹ میں گفتگو۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: دنیا بھر میں پاکستانی کھانے، ذائقے اور پروفیشنلز کی طلب میں اضافے کے باوجود پاکستان میں ہوٹل انڈسٹری، ایئر لائنز بیوریج مینجمنٹ، کلنری آرٹ، ہاسپٹالٹی انڈسٹری میں لیڈرشپ سمیت دیگرپیشہ ورانہ شعبوں میں پروفیشنلز اور ہنرمندوں کی قلت ہے۔

کراچی ایکسپوسینٹر میں پاکستان ٹریول مارٹ میں ایکسپریس سے بات چیت کے دوران کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل منیجمنٹ (کوتھم (COTHM) کے سی ای او احمد شفیق نے بتایا کہ پاکستان میں نوجوانوںکی ایک بڑی تعداد شیف اور ٹورازم انڈسٹری میں پیشہ ورانہ خدمات کی جانب راغب ہورہی ہے، کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل منیجمنٹ ملک میں اپنے13 اور دبئی میں قائم ایک کیمپس کے ذریعے نوجوانوںکو ٹریول، ٹورازم، ایئرلائن ہوٹل منیجمنٹ سمیت50 اقسام کی نہ صرف پروفیشنل تعلیم وتربیت بلکہ فارغ التحصیل نوجوانوں کوروزگار بھی فراہم کررہاہے۔

احمدشفیق نے بتایاکہ کوتھم کالج نے ان پیشہ ورانہ شعبوں میں تعلیم وتربیت کی فراہمی کے حوالے سے پاکستانی نوجوانوں پر توجہ مرکوزکی ہوئی ہے، ان شعبوں میں حصول تعلیم وتربیت میں خواتین کی شرح70فیصد جبکہ نوجوانوںکی شرح30 فیصد ہے، کوتھم کالج سے گزشتہ16سال میں25 ہزار نوجوان تعلیم وتربیت حاصل کرکے پاکستان یورپ برطانیہ ملائیشیا سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں اور فی الوقت10ہزارطلباوطالبات زیرتعلیم ہیں، یہ شعبے یوتھ فوکس انڈسٹری ہے اور پاکستان کی آبادی کا60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے جنھیں ان شعبوں میں پیشہ ورانہ تعلیم وتربیت فراہم کرکے نہ صرف روزگار دیا جاسکتاہے بلکہ معاشرے سے جرائم کا خاتمہ اور مثبت تبدیلی رونماکی جاسکتی ہے۔

کوتھم کالج کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر صابر احمد نے بتایاکہ شیف ٹریولنگ ایئرلائن ٹورازم اور ہوٹل منیجمنٹ کے شعبوں میں اب باقاعدہ کوالیفکیشن آگئی ہے، ان شعبوں میں شارٹ کورسز، ڈپلومہ، ڈگری اور ماسٹرز ڈگری فراہم کی جاتی ہے اور کوتھم کی جاری کردہ سند امریکا یورپ برطانیہ سمیت دنیا کے تمام ممالک میں تسلیم کی جاتی ہے، ان شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت کے باعث نت نئے کھانوں کے ذائقے ڈیولپ ہورہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں تربیت یافتہ پروفیشنلز کی دستیابی کے سبب غیرملکی ریستوران چین کی آمد بھی بڑھ گئی ہے اور اسی طرح ملائیشیا، دبئی، کینیڈا، یورپ، برطانیہ، باکو، آذربائجان اور آسٹریلیا میں پاکستانی ذائقوں کے حامل ریستوران کھل گئے ہیں اس طرح سے پاکستان کے تربیت یافتہ ہنرمنداور پروفیشنلزکی بدولت دنیا بھر میں پاکستانی ذائقے دنیابھرمیںمتعارف ہورہے ہیں، ان پیشہ ورانہ تربیت وتعلیم سے میٹرک، انٹرتعلیم کے حامل نوجوان استفادہ کرسکتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔