سرینا سے شکستوں پر کوئی رنج نہیں ہے شراپووا

روسی ٹینس اسٹار نے مسلسل 13ویں ناکامی کے بعد توجہ ومبلڈن پر مرکوز کرلی۔


Sports Desk/AFP June 10, 2013
ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، ہدف 16گرینڈ سلم ٹائٹلز کا حصول ہے، سرینا ولیمز۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

فرنچ اوپن میں سرینا ولیمز کے ہاتھوں ٹائٹل گنوادینے والی ماریا شراپووا کا کہنا ہے کہ امریکی حریف کے ہاتھوں لگاتار 13ویں شکست کے باوجود مجھے کوئی رنج نہیں ہے۔

مجھے زندگی میں زیادہ پچھتاوے نہیں ہوئے اور میں نے انھیں یاد کرنے کی کوشش بھی کبھی نہیں کی، آپ کو آگے بڑھنا چاہیے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں ایک پلیئر سے کتنی مرتبہ ہاری، بہرحال میں سمجھتی ہوں کہ میں نے فائنل میں پہنچ کر اپنی پوزیشن حاصل کرلی، میں نے ان کیخلاف نسبتاً زیادہ بہتر کھیل پیش کیا، لیکن یہ میری جیت کیلیے کافی ثابت نہیں ہوا، سرینا ولیمز کے کھیل پر تبصرہ کرتے ہوئے شراپووا کا کہنا تھا کہ حقیقتاً وہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کررہی ہیں، شراپووا اب اپنی توجہ ومبلڈن کے گراس کورٹ پر مرکوز کریںگی جہاں انھوں نے 2004 میں 17 سال کی عمر میں پہلا گرینڈ سلم جیتا تھا، فائنل میں انھوں نے اس وقت کی کامیا ب پلیئر سرینا ولیمز کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی تھی۔



اس کے بعد سے وہ دو مرتبہ سیمی فائنلز میں پہنچیں اور 2011 کا فائنل پیٹرا کویٹووا سے ہاری تھیں۔ رواں برس انھیں بہتر کھیل اور شاید پانچواں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کی توقع ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ میں آنیوالے ٹورنامنٹس پسند کرتی ہوں خصوصاً ومبلڈن، یہ وہ واحد ٹورنامنٹ ہے جہاں میں بہتر کارکردگی کی منتظر رہتی ہوں۔ دریں اثنا سیرینا ولیمز نے اپنے حریفوں کو تنبیہ کی ہے کہ انھیں اب تک اپنی صلاحیتوں کا احساس ہے اور ابھی ان کا ریٹائرمنٹ کو کوئی ارادہ نہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ان کا ہدف 16 گرینڈ سلم ٹائٹلز کا حصول ہے۔

دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا کو ہرا کر دوسرا رولینڈ گیرس جیتنے والی عالمی نمبر ایک کا کہنا ہے کہ مجھ میں اور گریٹا گاربؤ میں ایک مماثلت ہے، یقیناً میں بلندیوں کو چھونا چاہتی ہوں، یہی میرا ہدف ہے، میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں نے اب تک اپنی بہترین ٹینس نہیں کھیلی ہے۔ سیرینا کہتی ہیں کہ میں کئی برسوں سے کہہ رہی ہوں کہ میں ہمیشہ زیادہ بہتر کھیل پیش کرسکتی ہوں، اور میں اس منزل تک پہنچنا چاہتی ہوں، ہوسکتا ہے کہ میں صرف اس تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہوں۔ سرینا اب کرس ایورٹ اور مارٹینا نیوراٹیلووا کے 18 ٹائٹلز کے مقابلے میں صرف دو کی دوری پر اور اسٹیفی گراف کے 22 سے چار فتوحات کی دوری پر موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں