بھارتی خاتون پروڈیوسر کا اداکار آلوک ناتھ پر زیادتی کا الزام

ویب ڈیسک  منگل 9 اکتوبر 2018
اداکار آلوک ناتھ بھارتی فلموں اورڈراموں میں مہذب کردار اداکرنے کے لیے مشہور ہیں فوٹو:فائل

اداکار آلوک ناتھ بھارتی فلموں اورڈراموں میں مہذب کردار اداکرنے کے لیے مشہور ہیں فوٹو:فائل

ممبئی:  بھارتی پروڈیوسر ونتا نندا نے بالی ووڈ کے سب سے ’’سنسکاری‘‘ اور مہذب کردار ادا کرنے کے لیے مشہور اداکار آلوک ناتھ پر زیادتی کا الزام لگا دیا۔

اداکارہ تنوشری دتہ کے بعد بالی ووڈ میں ’’می ٹو‘‘مہم کے تحت خواتین زیادتی اور ہراسانی کے واقعات پر آواز اٹھارہی ہیں۔ حال ہی میں 1990 کے مقبول ترین شو ’’تارا‘‘ کی مصنفہ اور پروڈیوسر ونتا نندا نے بھارتی فلموں میں ’’بابوجی‘‘ کے کردارادا کرنے والے اداکار آلوک ناتھ پر زیادتی کاالزام عائد کیاہے، آلوک ناتھ نے ڈراما سیریل’’تارا‘‘میں مرکزی کردار اداکیا تھا۔

ونتا نے فیس بک پر اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی پر آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ آج سے 19 سال قبل آلوک ناتھ نے انہیں ان ہی کے گھر پر زیادتی کانشانہ بنایا اس کے علاوہ 1990 میں آن ایئر ہونے والے شو ’’تارا‘‘ کی مرکزی اداکارہ نونیت نشان کو بھی جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایااور ان پر منشیات لینے کا الزام بھی لگایا۔

ونتا نندا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اس واقعے کے بعد وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی تھیں انہوں نے کام کرنا بند کردیاتھا اوراس واقعے نے انہیں نشے کا عادی بنادیا تھا۔

ونتا نندا نے اتنے سال خاموش رہنے کے بعد اس واقعے کو اب منظر عام پر لانے کے حوالے سے کہا کہ میں نہیں چاہتی کہ کوئی بھی لڑکی اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف آواز اٹھانے سے ڈرے۔ میں ڈر گئی تھی اس لیے اپنے ساتھ ہوئے واقعے پر آواز نہیں اٹھائی، میں اس وقت کے انتظار میں تھی جو اب 19 سال بعد آیاہے۔

ونتا نندا نے اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرنے والی خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خود کو دباکر نہ رکھیں بلکہ سامنے آئیں اوراپنے ساتھ ہونےو الی زیادتی پر آواز اٹھائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔