لندن پولیس نے اسلامک اسکول میں آتشزدگی مشکوک قرار دے دی 4 افراد گرفتار

تحقیقات مکمل ہونے پرعوام کو اسلامک اسکول میں آتشزدگی کی وجوہات سے آگاہ کیا جائے گا، لندن پولیس


ویب ڈیسک June 10, 2013
گزشتہ ماہ لندن کے علاقے وولچ میں برطانوی فوجی کے قتل کے بعد برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال پایا جاتا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

پولیس نے دو روز قبل ایک اسلامک اسکول میں لگنے والی آگ کو مشکوک قرار دیتے ہوئے 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ کی رات اسلامک بورڈنگ اسکول چزل ہرسٹ میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے، پولیس نے ابتدائی رپورٹس کی بنیاد پر واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش شروع کردی ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ اسلامک اسکول میں لگنے والی آگ کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے پر عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لندن کے علاقے وولچ میں برطانوی فوجی کے قتل کے بعد برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال پایا جاتا ہے، ملک کے کئی علاقوں میں مساجد پر حملے ہوئے ہیں، چار روز قبل بھی ایک اسلامک سینٹر اور مسجد کو شہید کردیا گیا تھا جبکہ دو روز قبل اس اسلامک سینٹر پر اس وقت آگ لگی تھی جب اس میں زیر تعلیم 130 سے زائد طلبا اور اساتذہ سو رہے تھے۔

مقبول خبریں