پاکستانی ساحلوں کو طوفان سے کوئی خطرہ نہیں محکمہ موسمیات

طوفان لوبان سائیکلون اسٹورم کی شکل اختیار کر گیا، گوادر سے فاصلہ لگ بھگ 1350 کلومیٹر ہے۔


Staff Reporter October 11, 2018
4روزکے دوران یمن کی بندرگاہ مکالا کے قریب ہو گا، وارننگ سینٹرکی چوتھی ایڈوائزری جاری۔ فوٹو :فائل

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستانی ساحلوں کو طوفان سے کوئی خطرہ نہیں۔

بحیرہ عرب میں موجود طوفان لوبان سائیکلون اسٹورم کی شکل اختیار کر گیا، شدت میں مزید اضافے کے بعد دو متفرق ممالک کی بندرگاہوں کی جانب رواں دواں طوفان اگلے 4روز کے دوران یمن کی بندرگاہ مکالا کے انتہائی قریب پہنچے گا۔

محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے بحیرہ عرب میں موجود طوفان لوبان کے حوالے سے بدھ کو چوتھی ایڈوائزری جاری کی،جس کے مطابق طوفان یمن کی بندرگاہ مکالا کے مشرق میں 1040 کلومیٹر کی دوری پر جبکہ عمان کی بندرگاہ صلالہ سے 650کلومیٹر کے فاصلے پرہے ،پاکستانی ساحلی مقام گوادر سے طوفان لوبان کا فاصلہ لگ بھگ 1350کلومیٹر ہے۔

محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق طوفان اگلے مرحلے میں اپنا ٹریک تبدیل کرسکتا ہے ،اور 4روز کے دوران وہ متوقع طورپر یمن کی بندرگاہ مکالا کے انتہائی قریب ہوگا۔

ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق طوفان لوبان کے سمندری ٹریک کا بہ غور مشاہدہ کیا جارہا ہے تاہم پاکستانی ساحلوں بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان سے کوئی بھی خطرہ لاحق نہیں ہے۔