خانہ کعبہ کوعرق گلاب آب زم زم سے غسل دیا گیا

گورنرمکہ شہزادہ خالد نے غسل دیا،روح پرورتقریب میں عالم اسلام کیلیے دعائیں


مکہ مکرمہ:بلاول بھٹو اور اویس مظفر خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب میں شرکت کیلیے جارہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

خادم الحرمین شریفین شاہ عبد اللہ کی نیابت کرتے ہوئے گورنرمکہ شہزادہ خالد الفیصل نے استقبال رمضان کے سلسلے میں خانہ کعبہ کو عرق گلاب اور آب زم زم سے غسل دیا۔

تقریب میں امام کعبہ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس،پاکستانی سفیر نعیم خان،قونصل جنرل آفتاب کھوکھر کے علاوہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری ، پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سیداویس مظفراور سابق صوبائی وزیرعبد الرؤف صدیقی،او آئی سی کے سربراہ، سعودی علما و مشائخ،اعلی افسران اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔زائرین کی لاکھوں تعداد نے اس منظرکو دیکھا۔ تقریب میں عالم اسلام، فلسطین، شام اور امت مسلمہ کیلیے دعائیں کی گئیں۔ شہزادہ خالد نے خطاب میں کہا کہ شاہ عبد اللہ نے حرمین شریفین کی توسیع کیلیے اہم منصوبے نافذکیے ہیں۔



جس کے نتیجے میں لاکھوں زائرین اور معتمرین کوعبادت میں سہولتیں میسر آئیںگی۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کے رہنما رکن سندھ اسمبلی سید اویس مظفر نے خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب میں شرکت کی ۔ دونوں رہنماؤں کے لیے خانہ کعبہ کا داخلی اور خصوصی دروازہ بھی کھولا گیا ۔ بلاول بھٹو زرداری اور سیداویس مظفر نے خانہ کعبہ کے اندر چاروں اطراف نوافل ادا کیے۔ اس موقع پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگیں ۔

واضح رہے کہ خانہ کعبہ کو ہر سال 2 مرتبہ غسل دیا جاتا ہے۔ پہلی مرتبہ ماہ رمضان سے قبل جبکہ دوسری مرتبہ نئے ہجری سال کے آغاز پر یکم محرم کو غسل کعبہ کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جبکہ غلاف کعبہ ہر سال 9ذوالحجہ کو یوم عرفہ کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں