وہاڑی میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران 3 ڈاکو ہلاک، 2 فرار

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
تینوں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، پولیس کا موقف۔ فوٹو: فائل

تینوں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، پولیس کا موقف۔ فوٹو: فائل

وہاڑی: اڈا کچی پکی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 ڈاکو ہلاک جب کہ ان کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع وہاڑی کے علاقے اڈا کچی پکی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 ڈاکو ہلاک جب کہ ان کے 2 ساتھی فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق ڈاکو پل زورکوٹ میں موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر اڈا کچی پکی کے قریب 3 موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کو چیکنگ کے لیے روکا تو انہوں نے سامنے سے فائرنگ شروع کردی اور اسی دوران دوسری جانب سے ان کے مزید 2 ساتھیوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر ان ہی کے 3 ساتھی ہلاک ہو گئے جب کہ فائرنگ کرنے والے دونوں ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے جب کہ واقعہ کی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔