سعودی حکومت جمال خشوگی کے قتل میں ملوث ہوئی تو سزا دیں گے، ٹرمپ

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
وقت آنے پر دیکھیں گے کہ کونسے آپشنز استعمال کیے جائیں، ٹرمپ (فوٹو: فائل)

وقت آنے پر دیکھیں گے کہ کونسے آپشنز استعمال کیے جائیں، ٹرمپ (فوٹو: فائل)

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی پر سعودی عرب کو نتائج بھگتنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صحافی کو قتل کرنے میں سعودی حکومت کا ہاتھ ہوا تو اسے سزا دی جائے گی۔

امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ خشوگی کے حوالے سے حقائق اور صداقت کا کھوج لگائیں گے اور تحقیقات کے ذریعے اس معاملے کی تہہ تک جائیں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اب تک سعودی حکومت نے صحافی کی گمشدگی میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے تاہم ریاض حکومت اگر صحافی کے قتل میں ملوث پائی گئی تو سزا ناگزیر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے جمال خشوگی کو لاپتا کرنے سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاملہ اس لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ’ خشوگی ایک صحافی تھا‘ اب وقت آنے پر دیکھیں گے کہ کون سے آپشنز استعمال کیے جائیں اور کونسی پابندیاں عائد کی جائیں۔

دوسری جانب سعودی وزیر داخلہ نے  جمال خشوگی کی گمشدگی میں سعودی حکومت کے ملوث ہونے کے الزامات کو بے بنیاد اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔