یوتھ اولمپکس؛ پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے امریکی حریف کو شکست دے دی

محمد یوسف انجم  پير 15 اکتوبر 2018
پشاور کے عنایت اللہ نے 65 کلوگرام کی کیٹگری میں یہ کامیابی حاصل کی۔ فوٹو:یوسف انجم

پشاور کے عنایت اللہ نے 65 کلوگرام کی کیٹگری میں یہ کامیابی حاصل کی۔ فوٹو:یوسف انجم

 بیونس آئرس: پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس میں امریکی ریسلر کو دھول چٹادی۔

ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں جاری یوتھ اولمپکس میں پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے امریکی ریسلر کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے عنایت اللہ نے 65 کلو گرام کی کیٹگری میں یہ کامیابی حاصل کی۔

عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس کے ریسلنگ ایونٹ میں نیوزی لینڈ کے ریسلر کو 13-2 پوائنٹس سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ جہاں ان کا سامنا ورلڈ چیمپئن آذربائیجان کے ریسلر سے ہوا جس میں وہ 8 پوائنٹس سے ہار گئے۔

برانز میڈل میں انہوں نے امریکی ریسلر کے خلاف  شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6-2 سے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ عنایت اللہ کے والد زاہد خان بھی دس سال تک چیمپئن رہے ہیں اور بھائی نعمت اللہ بھی ریسلنگ میں ملکی سطح کے مقابلوں میں اچھے نتائج دے رہے ہیں۔

عنایت اللہ نے اس میڈل کو ان تمام نوجوان ریسلرز کے نام کیا ہے جو اس کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ عنایت اللہ  اس سے قبل ورلڈ بیچ  جونیئر مقابلوں میں گولڈ اور 2016 میں بنکاک میں ایشین جونیئر ریسلنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیت چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔