لیاری میں بدامنی کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج پولیس کی مظاہرین پرشیلنگ اور واٹرکینن کااستعمال

لیاری میں کئی روزسے جاری لڑائی سےعلاقہ میدان جنگ بن چکاہےجبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، مظاہرین کا موقف


ویب ڈیسک June 12, 2013
لیاری کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے دو گروپوں کے درمیان مسلح تصدام جاری ہے، فوٹو : ایکسپریس نیوز

لیاری کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند روز سے جاری بدامنی کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ماڑی پور روڈ بلاک کردی جبکہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کی صبح لیاری کے علاقے آگرہ تاج ، ہنگورہ آباد اور بہار کالونی کے مکینوں نے ماری پور روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک کے دونوں ٹریکس بلاک کر دیئے جس کے باعث سیکڑوں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس گئیں اورعلاقے میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی روز سے ان کے علاقوں میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے، دوگروپوں کے درمیان ہونے والی لڑائی سے علاقہ میدان جنگ بن چکا ہے جبکہ پولیس اور رینجرز جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جس کے باعث لوگ اپنے گھروں میں محصور اور اپنے عزیز و اقارب کے گھروں کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

مظاہرین سے کئی بار مذاکرات کی کوشش ناکام ہونے کے بعد پولیس نے مزید نفری طلب کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے شیلنگ اور واٹر کینن کے ذریعے پانی کی بوچھاڑ کی، جس کے بعد پولیس نے ماڑی پور روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت بحال کرادی ۔

واضح رہے کہ لیاری کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے دو گروپوں کے درمیان مسلح تصدام جاری ہے جس کے باعث اب تک 6 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں