جوئے روٹ پر بلااشتعال حملہ وارنر ٹرافی میچ سے معطل

ای سی بی نے تحقیقات سے سی اے کو آگاہ کردیا، آسٹریلیا ڈسپلنری سماعت کرے گا


AFP/Sports Desk June 13, 2013
ای سی بی نے تحقیقات سے سی اے کو آگاہ کردیا، آسٹریلیا ڈسپلنری سماعت کرے گا۔ فوٹو: فائل

آسٹریلین بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کو اتوار کی صبح مقامی شراب خانے میں انگلش کرکٹر جوئے روٹ سے الجھنے پر چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ سے میچ کیلیے ڈراپ کردیا گیا۔

انگلینڈ نے اپنے طور پر واقعے کی چھان بین کرنے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کو مطلع کردیا تھا، سی اے کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر ڈسپلنری سماعت کیے جانے تک ابھی کوئی رائے دینا نہیں چاہتے، سماعت کی تاریخ اور وقت کا ابھی تک تعین نہیں کیا گیا ہے،اس واقعے کے بعد وارنر کی ایشز اسکواڈ میں جگہ بھی خطرے میں پڑگئی ہے، رپورٹس کے مطابق ہفتے کو چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کے ہاتھوں 48 رنز سے شکست کے بعد اتوار کی علی الصبح برمنگھم کے شراب خانے میں یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جس میں دونوں ٹیموں کے منتخب پلیئرز اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، جوئے روٹ، کلنٹ میک کے اور مچل مارش پارٹی کرنے گئے تھے۔

مقامی وقت کے مطابق رات گئے وارنر نے گروپ میں شامل جوئے روٹ کی لگائی ہوئی نقلی داڑھی اور وگ کو کھینچنا چاہا، جس پر انھوں نے مزاحمت کی لیکن وارنر نے اسی اثنا میں اچانک ان پر حملہ کردیا، اگرچہ ان کا لگایا ہوا مکا روٹ کو نہیں لگ پایا لیکن اس صورتحال میں میک کے نے ان کو علیحدہ کرایا، اگرچہ صبح ہونے پر وارنر نے ذاتی طور پر روٹ سے معذرت کرلی تھی جو انھوں نے قبول بھی کرلی تھی، مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں اس واقعے پر طلب نہیں کیا گیا تھا، شراب خانے کے سیکیورٹی گارڈز نے ہی صورتحال سنبھال لی تھی۔



واضح رہے کہ اس مقام پر 2005 میں اسٹیو ہارمیسن اور اینڈریو سائمنڈز کے درمیان تکرار ہوچکی ہے، دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وارنر نے بغیر کسی اشتعال کے انگلش کرکٹر پر حملہ کیا تھا، وارنر نے اپنے غلط رویے کا اعتراف کرتے ہوئے مذکورہ پلیئر سے معذرت کرلی ہے، ای سی بی نے اپنے طور پر تحقیقات کرکے کرکٹ آسٹریلیا کو بذریعہ ای میل تمامتر تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔

یاد رہے کہ وارنر چیمپئنز ٹرافی کیلیے لندن آنے سے قبل بھی ملکی میڈیا کے دو نمائندوں سے ٹوئٹر پر الجھ چکے ہیں، جس کی پاداش میں ان پر 5608 امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا جاچکا ہے، انگلینڈ کیخلاف میچ میں بھی وانر 21 گیندوں پر محض 9 رنز بناپائے تھے، اس کے علاوہ وہ وارم اپ میچز میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کیخلاف بھی رنز اسکور کرنے میں ناکام رہے ہیں، آسٹریلیا نے بدھ کو نیوزی لینڈ کیخلاف وارنر کی جگہ گلین میکسویل کو موقع دیا ہے۔

مقبول خبریں