کراچی میں پارکنگ فراہم نہ کرنے والے شادی ہالز کو بند کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 17 اکتوبر 2018
شادی ہال میں تقریبات ہر صورت رات 12 بجے ختم کر دی جائیں گی، ،فوٹو: فائل

شادی ہال میں تقریبات ہر صورت رات 12 بجے ختم کر دی جائیں گی، ،فوٹو: فائل

کراچی میں مہمانوں کے لیے پارکنگ کی سہولت فراہم نہ کرنے والے شادی ہالز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شادی ہالز مالکان نے کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ سے ملاقات کی جس میں شادی کی تقریبات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کے بارے میں اہم فیصلے کیے گئے۔

شادی ہال مالکان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شادی ہال میں تقریبات ہر صورت رات 12 بجے ختم کر دی جائیں گی، شادی ہالز میں جاری تقریبات کے دوران لائٹس رات ساڑھے 11 بجے بند  اور تقریبات ختم کرنے کے اعلانات شروع کئے جائیں گے۔

پولیس اور شادی لان مالکان کا مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ آتشبازی، پٹاخوں، فائر کریکرز یا ہوائی فائرنگ کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا جب کہ ہر شادی لان کے ضروری حصوں کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جائے گا اور اس ضمن میں کیمرے لگانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔

شادی ہالز میں تقریبات کے دوران اطراف میں ٹریفک جام کے معاملات کا جائزہ لینے کے لئے ایس ایس پی ٹریفک کی سربراہی میں کمیٹیاں بنانے کا اعلان کیا گیا ہے ہر ضلع کی کمیٹی میں ایس ایس پی ٹریفک کے علاوہ ایس ایچ او، ایس او ٹریفک اور شادی ہال مالکان کے نمائندے شامل کیے جائیں گے یہ  کمیٹی شادی ہالز کے اطراف مہمانوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے معاملات کا جائزہ لے گی اور جس شادی لان کے پاس مہمانوں کے لیے پارکنگ کی سہولت نہیں ہوگی اسے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اس کے علاوہ  سیکورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر شادی لان مالکان کو تین افراد کو ملازم رکھنے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔