کوئنز کلب ٹینس ہیوٹ پانچویں مرتبہ چیمپئن بننے کی راہ پر گامزن

کیورے کو ٹھکانے لگادیا، سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیے ڈیل پوٹرو کا چیلنج درپیش


Sports Desk June 14, 2013
ہال ایونٹ میں شریبر، گیسکوئٹ اور فلورین میئر کوارٹر فائنل میں داخل،نیورمبرگ ویمنز ٹینس میں سیمونا ہالیپ اور لوسیا سفارووا کی فائنل فورمیں شمولیت۔ فوٹو: فائل

آسٹریلوی ٹینس اسٹار لیٹن ہیوٹ نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کوئنز کلب ٹینس کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

چار مرتبہ کے سابق چیمپئن کو پانچویں ٹائٹل کی مہم میں اب ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کا چیلنج درپیش ہوگا، سیکنڈ سیڈ ٹوماس بریڈیچ بھی راؤنڈ 8 میں شامل ہوگئے، اینڈی مرے نے نکولس مہاٹ سے حساب چکتا کرلیا، ہال ایونٹ میں شریبر، گیسکوئٹ اور فلورین میئر کوارٹر فائنل کا ٹکٹ پانے میں کامیاب ہوگئے،نیورمبرگ ویمنز ٹینس میں سیمونا ہالیپ اور لوسیا سفارووا نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، برمنگھم ویمنز میں امریکا کی میڈیسن کی نے جرمن پلیئر مونا بارتھیل کی پیشقدمی ختم کردی۔تفصیلات کے مطابق چار مرتبہ کے چیمپئن ہیوٹ اس مرتبہ عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، حالانکہ کیریئر کے اس حصے میں وہ ورلڈ رینکنگ میں اپنی کمترین 82ویںپوزیشن پر براجمان ہیں لیکن اس کے باوجود انھوں نے امریکا کے چھ سیڈ سام کیورے کو 5-7،6-3 اور 6-4 سے مات دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

جہاں پر ان کا مقابلہ ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو سے ہوگا، پوٹرو نے انگلش کوالیفائر ڈینئیل ایوانز کو 6-0،6-3 سے زیر کیا، جمہوریہ چیک کے سیکنڈ سیڈ ٹوماس بریڈیچ نے سلواکین حریف گریگا زیملیجا کو 6-3،6-4 سے مات دیکر راؤنڈ 8 میں رسائی پالی، ان کا اگلا ٹاکرا کروشیا کے مارن کلک سے ہوگا ، کلک نے تیسرے راؤنڈ میں اسپینش حریف فلکیانو لوپز کو 4-6،6-7(7/5) اور 7-5 سے قابو کرلیا، امریکا کے ڈینس کڈلا نے ڈچ پلیئر کے ڈی شیپرز کو 6-1،6-3 سے مات دیکر کوارٹر فائنل کا ٹکٹ پایا،برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے نکولس مہاٹ سے گذشتہ برس کوئنز کلب میں شرمندگی کا بدلہ لے لیا، بارش کے سبب تاخیر کا شکار ہونے والے سیکنڈ راؤنڈ میچ میں اینڈی مرے نے فرنچ حریف کو 6-3،7-6(7/4) سے ٹھکانے لگادیا۔



گذشتہ برس اس مرحلے پر مہاٹ نے حیران کن طور پر اینڈی مرے کی چھٹی کی تھی، تاہم اس مرتبہ اینڈی نے کامیابی حاصل کرکے اس ناکامی کا حساب چکتا کرلیا، خراب موسم کی وجہ سے ایونٹ کا پروگرام خاصا متاثر ہوا ہے، میچ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہاں کا موسم بہت سرد ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ ایسے میں کسی کو بھی کمر کی تکلیف لاحق ہوسکتی ہے لیکن میرے لیے یہ امر خوش کن رہا ہے کہ میں نے رکاوٹوں کے باوجود یہ معرکہ جیت لیا، دوسری جانب ہال مینز ٹینس ٹورنامنٹ میں فلپ کوہل شریبر، رچرڈ گیسکوئٹ ، فلورین میئر اور ٹامی ہاس نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، سیکنڈ راؤنڈ مقابلوں میں شریبر نے ٹوبائس کیمکے کو 6-4،6-3 سے مات دی، گیسکوئٹ نے آسٹریا کے جرگن میلزر پر 6-3،6-1 سے ہاتھ صاف کیا، جرمنی کے فلورین میئر نے ارجنٹائن کے لیونارڈو میئر کو 6-2،6-3 سے ہرادیا۔نیورمبرگ ، جرمنی میں جاری ویمنز ٹینس کے کوارٹر فائنل میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے قازقستان کی حریف غالینا ووسکوبیوا کو 6-4،6-1 سے قابو کرلیا،جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا نے سلووینیا کی پولونا ہرسیوگ کو 7-6،3-6 اور 6-4 سے مات دے دی، برمنگھم ویمنز میں امریکا کی میڈیسن کی نے جرمن پلیئر مونا بارتھیل کی پیشقدمی 6-3،6-2 سے ختم کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں