راجر فیڈرر سیزن کا پہلا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب

کوئنز کلب کی ٹرافی اینڈی مرے کے نام، برمنگھم کے فیصلہ کن معرکے میں ڈونا ویسک کو ہنچووا نے زیر کرلیا.


AFP/Sports Desk June 17, 2013
ہال مینز ٹینس ٹائٹل جیتنے پر راجرفیڈرر مداحوں کی داد کا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

راجرفیڈرر سیزن کا پہلا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئے، سوئس ماسٹر نے ہال مینز ٹورنامنٹ کے فائنل میں روسی حریف میخائل یوزنی کو ٹھکانے لگادیا۔

کوئنز کلب ٹینس میں برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے کروشین حریف مارن کلک کو شکست دے دی، برمنگھم ویمنز کی ٹرافی ڈنیلا ہنچووا نے اپنے قبضے میں کرلی، فائنل میں جواں سال کروشین پلیئر ڈونا ویکس کا شاندار سفر اختتام پذیر ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق سوئس ٹینس ماسٹر راجرفیڈرر نے سیزن کا پہلا ٹائٹل جیت لیا، انھوں نے ہال مینز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں روسی پلیئر میخائل یوزنی کو 6-7(5/7)،6-3 اور 6-4 سے ٹھکانے لگادیا، مجموعی طور پر 31 سالہ فیڈرر کے کیریئر کی یہ چھٹی ہال ٹرافی اور 77ویں سنگلز ٹائٹل فتح ہے، سابق ورلڈ نمبرون نے فیصلہ کن معرکے کا ابتدائی سیٹ ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے یوزنی کیخلاف اپنے ریکارڈ کو ٹوٹنے سے بھی بچالیا، یوزنی سے کھیلے گئے تمام 15 باہمی مقابلوں میں فتح ہمیشہ فیڈرر کا مقدر بنی ہے، فائنل دو گھنٹے تک جاری رہا۔



رواں سیزن میں فیڈرر اس سے قبل روم کلے کورٹ ایونٹ کے فائنل میں پہنچ پائے تھے جہاں پر انھیں اسپینش اسٹار رافیل نڈال نے ہرادیا تھا جبکہ فرنچ اوپن کوارٹر فائنل میں فیڈرر کا قصہ فرنچ پلیئر جوئے ولفریڈ سونگا کے ہاتھوں تمام ہوگیا تھا، تاہم فیڈرر ہال گراس کورٹ میں ملنے والی ٹائٹل فتح کو ومبلڈن سے قبل اپنے لیے بہت خیال کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ یوزنی نے پورے ایونٹ میں عمدہ کھیل پیش کیا ہے لہذا میں انھیں مات دینے پر بہت خوش ہوں۔کوئنز کلب ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں میزبان اسٹار اینڈی مرے نے کروشیا کے مارن کلک کو شکست دے دی،ان کی جیت کا اسکور 5-7، 7-5اور 6-3 رہا۔

دوسری جانب برمنگھم ویمنز ٹینس میں ڈنیلا ہنچووا نے تجربے کی جنگ جیت لی، انھوں نے فائنل میں جواں سال کروشین پلیئر ڈونا ویکس کو 7-6(7/5) اور 6-4 سے مات دے دی، یہ ہنچووا کے کیریئر کا چھٹا ٹائٹل بنا، دنیا کی ٹاپ 350 پلیئرز میں سب سے کم عمر16 سالہ ڈونا کا کھیل دیکھنے کیلیے بہت سے لوگوں نے خصوصی طور پر ٹینس کورٹ کا رخ کیا، جو ومبلڈن میں بھی اپنی رفتار سے دھوم مچانے کا اعلان کرچکی ہیں، تاہم انھوں نے برمنگھم ایونٹ کے فائنل میں پہلے سیٹ میں تجربہ کار ڈنیلا ہنچووا کو سخت مسابقت پیش کی، لیکن نسلوں کی اس جنگ میں بازی ہنچووا کے ہی نام رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں