چیمپئنز ٹرافی پاکستان اولین اور آخری ایونٹ میں فتح سے محروم

تینوں میچز میں ناکامی کی داستان رقم کرتے ہوئے کئی منفی ریکارڈز بھی بنالیے.


Sports Reporter June 17, 2013
تینوں میچز میں ناکامی کی داستان رقم کرتے ہوئے کئی منفی ریکارڈز بھی بنالیے۔ فوٹو: فائل

پاکستان ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی کے اولین اورآخری ایڈیشن میں فتح کا مزا چکھے بغیر پہلے رائونڈ سے اخراج کا منفرد کارنامہ سرانجام دیا۔

گرین شرٹس نے کھیلے گئے تینوں میچز میں ناکامی کی داستان رقم کرتے ہوئے مزید کئی منفی ریکارڈز بھی اپنے نام کے آگے درج کروائے۔ تفصیلات کے مطابق کئی ٹیمیں جیت کے ساتھ ریکارڈز بنانے کا افتخار حاصل کرتی ہیں لیکن پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی میں ناکامیوں کی داستان لکھتے ہوئے بھی منفرد کارنامے سر انجام دیدیے۔گرین شرٹس ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم ثابت ہوئے، پاکستان نے دوسری بار بغیر فتح کا مزا چکھے گھر کی راہ دیکھی ہے، ڈھاکا میں 1998میں ہونے والے اولین ایڈیشن کے دوران عامر سہیل کی قیادت میں اترنے والی ٹیم ایک میچ بھی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔



انگلینڈ میں جاری آخری ایونٹ میں مصباح الحق تینوں مقابلوں میں ٹاس کے بعد میچ بھی ہار گئے، بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی کے نتیجے میں گرین شرٹس نے کسی بھی ٹیم کے خلاف 200رنز بھی مکمل نہ کیے، ہر میچ کے بعد مجموعی اسکور میں کمی ہوتی گئی، ویسٹ انڈیز کے مقابل170، جنوبی افریقہ سے میچ میں 167اور بھارتی بولرز کے سامنے 165رنز بنائے جاسکے، قومی ٹیم کسی میچ میں پورے اوورز بھی نہ کھیل سکی، بھارت کے خلاف بارش سے متاثرہ مقابلہ 40اوورز تک محدود کردیا گیا لیکن بیٹسمینوں نے یہاں بھی کمال کر دکھادیا اور 2 گیندیں قبل ہی پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف9اورجنوبی افریقہ سے مقابلے میں 7 بیٹسمین ڈبل فیگرز تک نہ پہنچ سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں