ماحولیات اور متبادل توانائی کے لیے 38کروڑ روپے مختص

طبی فضلہ محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے ایک کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے


Staff Reporter June 18, 2013

صوبہ سندھ کے سالانہ بجٹ برائے 2013-14میں محکمہ ماحولیات و متبادل توانائی کے متعدد منصوبوں کے لیے 38کروڑ 80لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

جن میں سے 21کروڑ 50لاکھ روپے ماحولیاتی جبکہ 17کروڑ 30لاکھ روپے متبادل توانائی کے لیے ہوں گے ،ماحولیات اور متبادل توانائی کے محکمے ایک ہی وزارت کے ماتحت ہیں تاہم بجٹ میں ماحولیات کے محکمے کو کلیدی حیثیت دی گئی ہے۔ ماحولیات کے شعبے میں اس سال 9اسکیمیں رکھی گئی ہیں جن میں سے 7اسکیمیں نئی ہیں، ادارہ تحفظ ماحولیات میں ماحولیاتی مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 5کروڑ روپے ،قدرتی وسائل کے تحفظ اور افزائش کی اسکیموں کے لیے 4کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

جھیلوں بالخصوص رامسر سائٹس کے جائزے کے لیے 2کروڑ روپے رکھے گئے ہیں،کراچی میں ادارہ تحفظ ماحولیات کے مرکزی دفتر کی توسیع، حیدرآباد و سکھر میں ریجنل دفاتر کے قیام اور تعمیر کے لیے 3کروڑ روپے کی رقم بجٹ میں تجویز کی گئی ہے، ان اسکیموں میں صوبے میں ای ویسٹ منیجمنٹ اسکیم بھی شامل ہے جس کے لیے ایک کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ پبلک سیکٹر میں اسپتالوں کے طبی فضلیکو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے نظام میں بہتری اورآگاہی کے فروغ کے لیے بھی ایک کروڑ روپے کی رقم جاری کی جائے گی ۔



جبکہ ای اینڈ اے ای ڈیپارٹمنٹ میں پلاننگ ومانیٹرنگ سیل کے قیام کے متعلق جاری اسکیم کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے ، کھادوں اور کیڑے مارادویہ کے اثرات کے مطالعے کے لیے 2کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، متبادل توانائی کے شعبے میں 5نئی اسکیمیں شروع کی جارہی ہیں جن میں صوبے میں سولر انرجی کے ذریعے پانی فراہم کرنے کے نظام ، گڈاپ ٹاون میں ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس کے منصوبے ، شیشوں اور عدسوں کی مدد سے سورج کی روشنی کو مرتکز کرکے 50میگا واٹ سولرتھرمل پاور جنریشن پراجیکٹ ، سولر انرجی کے ذریعے واٹر پمپنگ یونٹس کی تنصیبات کی اسکیمیں شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں