کراچی میں فائرنگ اور تشدد خاتون سمیت5 افراد ہلاک

متحدہ کے کارکن سمیت 14زخمی، بیٹے کے علاج کیلیے حیدرآباد سے آنیوالا سائٹ میں قتل


Staff Reporter June 18, 2013
متحدہ کے کارکن سمیت 14زخمی، بیٹے کے علاج کیلیے حیدرآباد سے آنیوالا سائٹ میں قتل فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت5 افراد ہلاک جبکہ ایم کیو ایم کے کارکن سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سائٹ میں حیدر چالی ملنگ ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا جس کی شناخت55 سالہ عبدالنعیم ولد عبدالمجید کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول مکان نمبرE-499 باھو شاہی محلہ حیدر آباد کا رہائشی ہے۔ مقتول اپنی بیوی اور بچے کے ہمراہ حیدر آباد سے کراچی آیا تھا اور ٹیکسی میں بیٹھ کر ولیکا اسپتال جارہا تھا جہاں اس نے اپنے بیٹے کو دکھانا تھا۔ ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی جس پر عبدالنعیم نے مزاحمت کی تو فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا گیا۔ ناظم آباد نمبر7میں واقع مکان نمبر 4/14 سے معمر خاتون کی 4,5روز پرانی لاش برآمد ہوئی۔



پاک کالونی کے علاقے ریکسر لائن کے قریب واقع ندی سے پینٹ شرٹ میں ملبوس نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ رات گئے پیر آباد تھانے کی حدود میں چاکر ہوٹل کے قریب ایک شخص ہلاک ہو گیا جس کی شناخت 30 سے 35 سالہ آصف نواز ولد محمد کامران کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق مقتول لیاری کے ڈکیت گروہ سے تعلق رکھتا ہے اورخود بھی جرائم پیشہ سر گرمیوں میں ملوث ہے۔

ماڑی پور کے علاقے 500کوارٹرز میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا 55 سالہ عاشق علی ولد اللہ بخش سول اسپتال میںچل بسا۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے500کوارٹرز اور مشرف کالونی کا محاصرہ کرلیا ، پولیس کو دیکھ کر مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی۔علاوہ ازیں کورنگی صنعتی ایریا میں کیبل آپریٹرز کے درمیان تنازع پر نامعلوم ملزم نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نارتھ کراچی سیکٹر5-D میں 30 سالہ مقصود احمد ولد مقبول احمد زخمی ہوگیا جو متحدہ کا کارکن بتایا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں