جے وردنے کے بیٹ کی ضرب سے کئی ریکارڈز پاش پاش

جے سوریا اور سنگاکارا کے بعد ون ڈے میں 11ہزار رنز بنانے والے تیسرے سری لنکن بنے.


Sports Desk June 19, 2013
جے سوریا اور سنگاکارا کے بعد ون ڈے میں 11ہزار رنز بنانے والے تیسرے سری لنکن بنے۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

مہیلا جے وردنے نے ایک فتح گر اننگز سے ریکارڈز کے انبار لگادیے، انگلش سرزمین پر ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے سری لنکن بن گئے۔

آسٹریلیا کے خلاف باہمی مقابلہ میں سب سے زیادہ رنز کا اعزاز بھی ان کے نام ہوگیا، ون ڈے میں 11 ہزار رنز کا کلب جوائن کرنے والے سری لنکا کے تیسرے کرکٹر بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو 20 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنلز میں جگہ بنائی، اس مقابلے میں مہیلا جے وردنے نے 81 بالز پر 84 رنز بناکر نہ صرف مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا بلکہ ان کے بیٹ کی ضرب سے کئی ریکارڈ بھی پاش پاش ہوگئے ہیں، یہ ان کی مجموعی طور پر 69 اور آسٹریلیا کے خلاف 16ویں ففٹی تھی۔



وہ سنتھ جے سوریا اور کمارسنگاکارا کے بعد ون ڈے میں 11 ہزار رنز مکمل کرنے والے تیسرے سری لنکن جبکہ مجموعی طور پر آٹھویں کھلاڑی بن گئے ہیں، انھوں نے ایک روزہ میچز میں آسٹریلیا کے خلاف سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی کمارسنگاکارا سے چھین لیا ہے، انھوں نے 55 میچز میں 33.54 کی اوسط سے 1610 رنز بنائے ہیں جبکہ کینگروز سے مقابلوں میں سنگاکارا نے 41.34 کی اوسط سے 42 میچز میں 1571 رنز بنائے ہیں، جے وردنے انگلش سرزمین پر ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے اپنے ملک کے پہلے کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔

انھوں نے یہاں پر 26 میچز میں 45.65 کی اوسط سے 1050 رنز بنالیے ہیں جن میں تین سنچریاں اور چار ففٹیز بھی شامل ہیں۔ جے وردنے کے 84 رنز چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی سری لنکن پلیئر کا سب سے بڑا انفرادی ٹوٹل ہے، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی سب سے زیادہ رنز بنانے والے سری لنکن کرکٹر کا اعزاز جے وردنے کے پاس ہے جنھوں نے 21 میچز میں 41.41 کی اوسط سے 704 رنز بنائے ہیں۔ سری لنکا کے سابق کپتان نے دوسری مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف مقابلے میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا ہے، مجموعی طور پر انھوں نے 19 مرتبہ ایک روزہ کرکٹ میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں