روزانہ ہزاروں پاسپورٹ موصول ڈلیوری برانچ کا عملہ ناکافی

کئی ماہ سے پاسپورٹ کے حصول کیلیے دھکے کھانے والے شہریوں اور عملے کے مابین تلخ کلامی کے واقعات معمول بن گئے


Staff Reporter June 20, 2013
کئی ماہ سے زیرالتوا پاسپورٹ بڑی تعداد میں موصول ہونے کی وجہ سے ریجنل پاسپورٹ آفس میں ڈلیوری کا عملہ ناکافی ہوگیا ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: پاسپورٹ آفس کراچی کو روزانہ ہزاروں پاسپورٹ موصول ہونے کے سبب ڈلیوری برانچ کا عملہ ناکافی ہوگیا۔

کئی ماہ سے پاسپورٹ کے حصول کیلیے دھکے کھانے والے شہریوں اور عملے کے مابین لڑائی جھگڑوں اور تلخ کلامی کے واقعات معمول بن گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈا کوارٹر اسلام آباد کی جانب سے زیرالتوا درخواستوں کو نمٹانے کیلیے پاسپورٹس کی پرنٹنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے جاری ہے اور روزانہ کراچی آفس کو ہزاروں کی تعداد میں پاسپورٹ موصول ہورہے ہیں، کئی ماہ سے زیرالتوا پاسپورٹ بڑی تعداد میں موصول ہونے کی وجہ سے ریجنل پاسپورٹ آفس میں ڈلیوری کا عملہ ناکافی ہوگیا ہے۔

دوسری جانب کئی کئی ماہ سے پاسپورٹ کے حصول کیلیے دھکے کھانے والے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، پاسپورٹ کے حصول کیلیے ڈلیوری برانچ سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں شہری رجوع کرتے ہیں اور عملہ ناکافی ہونے کی وجہ سے شدید گرمی میں انھیں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے عملے اور شہریوں کے مابین لڑائی جھگڑے اور تلخ کلامی کے واقعات معمول بن چکے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی درخواست جمع کرائے چھہ ماہ گذر چکے ہیں اور اس دوران وہ پاسپورٹ آفس کے دھکے کھاکھا کر تھک چکے ہیں۔



انھوں نے کہا کہ اب جبکہ کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ کے مطابق ان کا پاسپورٹ پرنٹ ہوکر آچکا ہے اب بھی پاسپورٹ آفس کا عملہ انھیں پاسپورٹ کی فراہمی میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے، انھوں نے بتایا کہ ایجنٹوں کو فی پاسپورٹ پانچ سو روپے دینے والے اور سفارشی افراد کو بغیر کسی تاخیر کے پاسپورٹ فراہم کردیا جاتا ہے جبکہ قطار میں گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد عام شہریوں کو کل آنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، ڈلیوری برانچ کے عملے کا موقف ہے کہ روزانہ بڑی تعداد میں پاسپورٹ موصول ہونے کی وجہ سے 16 گھنٹے کام کرنے کے باوجود وہ اتنی بڑی تعداد میں پاسپورٹ شہریوں کو فراہم کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر شخص یہ چاہتا ہے کہ اسے سب سے پہلے پاسپورٹ دے دیا جائے، کوئی شخص قطار میں لگ کر انتظار کرنے کی زحمت گوارا نہیں کرتا، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس اینڈ امیگریشن ذوالفقار چیمہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ 25 جون تک تمام زیر التوا درخواستیں نمٹاکر پاسپورٹ متعلقہ دفاتر کو بھجوادیے جائیں گے، انھوں نے بتایا کہ ایجنٹ مافیا کی سرکوبی کیلیے آئی جی سندھ کی ہدایت پر سندھ پولیس کے ایک اعلی افسر کو ذمے داریاں تفویض کی گئی ہیں، انھوں نے بتایا کہ حج کیلیے درخواستیں جمع کرانے والے شہری اپنے حج درخواستوں کی نقول متعلقہ پاسپورٹ آفسز میں جمع کرادیں تاکہ انھیں جلد از جلد پاسپورٹ فراہم کیے جاسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں