ساس نے مبینہ طورپر مٹی کا تیل چھڑک کر بہو کو آگ لگادی جس کا وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے جمیل آباد میں سحر نامی خاتون کو اس کے سسرال والوں نے مبینہ طورپر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی، خاتون کو تشویشناک حالت میں الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا، سحر کی شادی 5 سال قبل عمران نامی شخص سے ہوئی جس سے اس کے 2 بچے ہیں، کچھ دن قبل سحر ناراض ہوکر میکےچلی گئی جس کے بعد اس کا شوہر اسے مناکر گھر واپس لےآیا جس کا سحر کی ساس کو شدید ملال تھا اور اس نے موقع پاکر اپنی بیٹی اور بیٹے کے ہمراہ مل کر مبینہ طور پر بہو پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔
ڈاکٹروں کے مطابق سحر کا جسم 60 فیصد تک جھلس چکا ہے اور دھواں سانس کی نالیوں میں جانے کی وجہ سے اسے سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔