فیڈر اور نڈال کے کوارٹر فائنل میں ٹکراؤ کا امکان

ویمنز میں سرینا ولیمز وریڈوانسکا ایک ہی پول میں شامل، وکٹوریا آذرنیکا اور ماریا شراپووا کا سیمی فائنل میں مقابلہ متوقع


AFP June 22, 2013
ویمنز میں سرینا ولیمز وریڈوانسکا ایک ہی پول میں شامل، وکٹوریا آذرنیکا اور ماریا شراپووا کا سیمی فائنل میں مقابلہ متوقع۔ فوٹو: فائل

سیزن کے تیسرے گرینڈ سلم ومبلڈن کے ڈراز کا اعلان کردیاگیا، 7مرتبہ کے چیمپئن راجرفیڈرر اور دو بار کے فاتح رافیل نڈال کا ممکنہ ٹکراؤ کوارٹر فائنل میں ہوسکتا ہے۔

پیر سے شروع ہونے والی چیمپئن شپ میں ورلڈ نمبرون نووک جوکووک کیلیے اچھی خبر یہ ہے کہ سیکنڈ سیڈ اینڈی مرے بھی سیمی فائنل مرحلے سے قبل فیڈرر اور نڈال کی راہ میں آئیں گے، ایونٹ 7 جولائی تک جاری رہے گا، تھرڈ سیڈ راجرفیڈرر اور نڈال کیریئر میں 30 مرتبہ مدمقابل آچکے ہیں، ان دونوں اسٹارز کو ڈراز میں ایک ہی کوارٹر میں جگہ ملی،گذشتہ برس سیکنڈ راؤنڈ میں ہارنے والے نڈال کو اس مرتبہ 5 سیڈ ملی۔

فیڈرر نے 2006 اور 2007 کے فائنلز میں انھیں ٹھکانے لگایا تھا، نڈال نے 2008 میں ٹائٹل جیت کر ان شکستوں کا انتقام لے لیا، اگر سب کچھ سیڈنگ کے مطابق چلتا رہا تو جوکووک ممکنہ طور پر کوارٹر فائنل میں ٹوماس بریڈیچ کا سامنا کریں گے، اسپینش ڈیوڈ فیرر ممکنہ طور پر ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو سے ٹکرا سکتے ہیں۔



نڈال کو فیڈرر کا چیلنج درپیش جبکہ جوئے ولفریڈسونگا کے ممکنہ حریف اینڈی مرے ہوںگے، عالمی نمبرون سربیا کے جوکووک اپنی مہم کا آغاز جرمن حریف فلورین میئر کیخلاف میچ سے کریں گے، گذشتہ فائنل میں فیڈرر کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والے برطانوی اسٹار اینڈی مرے کا پہلا مقابلہ دوسرے جرمن پلیئر بینجمن بیکر سے ہوگا، فیڈرر 8 مرتبہ ومبلڈن ٹرافی جیتنے والے پہلے کھلاڑی بننے کا عزم لے کر ایونٹ میں شریک ہیں، 2003 میں پہلی مرتبہ آل انگلینڈ کلب میں چیمپئن بننے والے فیڈرر اپنی ٹائٹل فتح کی 10ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں، سوئس ماسٹر کا پہلا مقابلہ رومانیہ کے وکٹر ہینسکو سے ہوگا، 2008 اور 2010 میں چیمپئن بننے والے رافیل نڈال کی مہم بیلجیئم کے اسٹیو ڈارسز کیخلاف میچ سے شروع ہوگی۔

اینڈی مرے، راجرفیڈرر اور نڈال کے ابتدائی میچز پیر کو ہی شیڈول ہیں، ویمنز ڈرا میں پانچ مرتبہ کی چیمپئن اور فیورٹ سرینا ولیمز اور اگنیسکا ریڈوانسکا ایک ہی پول میں شامل ہیں، سیکنڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا اور تھرڈ سیڈ ماریا شراپووا ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں مدمقابل آسکتی ہیں، فرنچ اوپن میں کیریئر کی 16ویں گرینڈ سلم ٹرافی اپنے نام کرنے والی ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز منگل کو اپنا پہلا میچ لگسمبرگ کی مینڈی منیلا سے کھیلیں گی، دوسرے راؤنڈ میں ممکنہ حریف چین کی ژینگ ژی ہوسکتی ہیں، سرینا راؤنڈ 8 میں ممکنہ طور پر جرمنی کی اینجلیک کیربر کا سامنا کریں گی جبکہ ریڈوانسکا کا ٹکراؤ چین کی لینا سے ہوسکتا ہے، کوارٹر فائنلز میں شراپووا کا سامنا ممکنہ طور پر اٹلی کی سارا ایرانی جبکہ آذرنیکا کا مقابلہ پیٹرا کیوٹوا سے ہوگا، شراپووا اپنے سفر کا آغاز فرنچ پلیئر کرسٹینا میلڈینووک سے کریں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں