ایس ایس پی سینٹرل کی ناقص حکمت عملیپرامن طور پر منتشر ہونیوالے مظاہرین میں اشتعال

ایس ایس پی سینٹرل کی ناقص حکمت کے باعث پولیس کی جانب سے بلاجواز ہوائی فائرنگ اور شدید شیلنگ کی گئی.


Staff Reporter August 18, 2012
ایس ایس پی سینٹرل کو خوش کرنے کے لیے دیگر تھانے سے آنے والے تھانیداروں نے دل کھول کر ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی. فوٹو: فائل

ایس ایس پی سینٹرل کی ناقص حکمت عملی کے باعث رینجرز افسران کی جانب سے پرامن طور پر منتشر ہونے والے احتجاجی مظاہرین میں اشتعال پھیل گیا ، پولیس ذرائع کے مطابق دوہرے قتل کی واردات کے بعد مشتعل افراد کی جانب سے شارع پاکستان پر احتجاج کیے جانے کے دوران رینجرز حکام نے موقع پر پہنچ کر بات چیت کے بعد مشتعل افراد کو منتشر کر دیا۔

تاہم ایس ایس پی سینٹرل کی ناقص حکمت کے باعث پولیس کی جانب سے بلاجواز ہوائی فائرنگ اور شدید شیلنگ کی گئی جس کے باعث نہ صرف مشتعل افراد میں اشتعال پھیل گیا جبکہ رینجرز حکام بھی تمام معاملات پولیس کے حوالے کر کے دوسری جانب جا کر کھڑے ہوگئے ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی سینٹرل کو خوش کرنے کے لیے دیگر تھانے سے آنے والے تھانیداروں نے دل کھول کر ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی جس کے باعث متعدد شیل مسجد میں بھی جا گرے اور وہاں پر اعتکاف میں بیٹھے ہوئے افراد کو شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑا۔